مہنگائی کے بوجھ تلے دبے عام عوام کو ریلیف دینا موجودہ حکومت کا اہم کارنامہ ہے،محترمہ شاہدہ آفتاب اور بانی صدر مسز روبینہ امجد

منگل 8 اپریل 2025 11:05

مکوآنہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اپریل2025ء)فیصل آباد وومن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی صدر محترمہ شاہدہ آفتاب اور بانی صدر مسز روبینہ امجد نے رہائشی صارفین کے لیے بجلی کی قیمتوں میں 7 روپے 41 پیسے فی یونٹ اورصنعتی صارفین کے لیے بجلی کی قیمتوں میں 6 روپے 69 پیسے فی یونٹ کمی کے اعلان پر وزیر اعظم شہباز شریف کو مبارکباد دی ہے جبکہ ایک مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ پہلے سے ہی مہنگائی کے بوجھ تلے دبے عام عوام کو ریلیف دینا موجودہ حکومت کا اہم کارنامہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بجلی کی لاگت صنعتی پیداوار میں اہم جزو ہے اور صنعتی پہیہ مسابقتی پیداواری لاگت کے ساتھ تیزی سے آگے بڑھے گا اور پیداواری لاگت میں خاطر خواہ کمی ہو گی۔ انہوں نے فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی قیادت کے مستقل موقف کو بھی سراہا کہ وہ بجلی کی قیمت میں اس انتہائی ضروری کمی کے لیے حکومت پر مسلسل دباؤ ڈال رہی ہے تاکہ پاکستانی مصنوعات کو بین الاقوامی منڈیوں میں مسابقت کے قابل بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت میں مزید بہتری کے آثار ہیں اور حکومت کے یہ اقدامات ملک کی مزید اقتصادی ترقی کے لیے مددگار ثابت ہوں گے۔