معدنی وسائل کو بروئے کار لانے کے لئے زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری درکار ہے، نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ کا پاکستان منرلز انوسمنٹ فورم سے خطاب

منگل 8 اپریل 2025 11:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اپریل2025ء) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پائیدار معاشی استحکام کے لئے معدنی وسائل سے بھرپور استفادہ کرنا ہوگا، معدنی وسائل کو بروئے کار لانے کے لئے زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری درکار ہے، پاکستان اقتصادی ترقی کے نئے دور میں داخل ہورہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں پاکستان منرلز انوسمنٹ فورم 2025 سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ہونے والے فورم میں غیر ملکی مندوبین، وفاقی وزرائ، پاکستان میں متعین غیر ملکی سفیروں اور معدنیات کے شعبہ کے ماہرین نے شرکت کی۔ اس موقع پر شرکا سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان قدرتی وسائل سے مالا مال ملک ہے، پاکستان میں موجود معدنی وسائل کو بروئے کار لانے کے لئے زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری درکار ہے، وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی زیر قیادت حکومت غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سہولیات کی فراہمی کے لئے بھرپور اقدامات کررہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان ترقی کے نئے دور میں داخل ہورہا ہے۔ ملک کی آبادی کا زیادہ حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے۔ نائب وزیر اعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان میں سونے اور تانبے کے بڑے ذخائر موجود ہیں، تمام معاشی اشاریے بھی مثبت ہیں اور عالمی ادارے بھی پاکستان کی معاشی ترقی کا اعتراف کررہے ہیں۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ پاکستان منرلز انوسمنٹ فورم سے معدنیات کے شعبہ میں سرمایہ کاری کی راہ ہموار ہوگی۔ پاکستان منرلز انوسمنٹ فورم میں بڑی تعداد میں غیر ملکی مندوبین شریک ہیں، جو انہیں چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں کان کنی اور معدنیات میں سرمایہ کاری کا جائزہ لینے کا موقع فراہم کرے گا۔\932