ریاست کا ہر بچہ ہر بوڑھا ہر جوان مرد و زن تحریک آزادی کشمیر کو مسلم کانفرنس میں تلاش کر سکتا ہے، سر دار عتیق احمد خان

منگل 8 اپریل 2025 22:54

مظفرآباد/راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اپریل2025ء) آل جموں وکشمیرمسلم کانفرنس کے صدر وسابق وزیراعظم سردارعتیق احمدخان نے کہا ہے کہ مسلم کانفرنس واحد سیاسی جماعت ہے جو کشمیریوں کی سواد اعظم جماعت ہونے کے ساتھ ساتھ تحریک آزادی کشمیر اور تحریک تکمیل پاکستان داعی جماعت ہے،ریاست کا ہر بچہ ہر بوڑھا ہر جوان مرد و زن تحریک آزادی کشمیر کو مسلم کانفرنس میں تلاش کر سکتا ہے،مسلم کانفرنس کسی برداری قبیلے کی جماعت نہیں ہے یہ تمام برداریوں کا گلدستہ ہے۔

ان خیالات کااظہارانہوں نے گزشتہ روز مجاہد منزل راولپنڈی میں سردار شکیل ،سردار سعید عباسی ،سردار مسعود عباسی ،آفتاب عباسی ،شہباز عباسی ودیگر سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر صدرمسلم کانفرنس سردار عتیق احمدخان نے کہاکہ مسلم کانفرنس کشمیریوں کی نمائندہ جماعت ہے،کارکن اپنی صفوں میں اتحاد برقرار رکھیں،مسلم کانفرنس مشکل حالات سے نکل چکی ہے،وہ وقت دور نہیں کہ جب ریاست بھر میں مسلم کانفرنس ایک بار پھر اُبھر کر سامنے آئے گی۔

(جاری ہے)

آج بھی مجاہد اول سردار محمد عبدالقیوم خان کے افکار کو دیکھ کر چل رہے ہیں،ریاستی جماعت کشمیری قوم کی بھر پور نمائندگی کر رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ریاست کی اولین جماعت مسلم کانفرنس کی جڑیں عوام میں ہیں اور مسلم کانفرنس کو ختم کرنے والے ہمیشہ مایوس ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مسلم کانفرنس آزادکشمیر کی ریاستی نمائندہ جماعت ہے اور ہمیشہ عوامی حقوق کی فلاح اور تعمیروترقی کیلئے کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کارکنان جماعت کا قیمتی اثاثہ ہوتے ہیں وہ کارکن جو مشکل وقت میں بھی جماعت کے ساتھ کھڑے رہے اور کبھی اپنے نظریات پرسمجھوتہ نہیں کیا وہ مسلم کانفرنس کا قیمتی سرمایہ ہیںسردار عتیق احمد خان نے کہا کہ ہندوستان مقبوضہ کشمیر کی صورت حال سے توجہ ہٹانے کیلئے کنٹرول لائن پرجارحیت میں مصروف ہے لیکن پاک فوج کے جوان ہر چیلنج کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

آزادکشمیر کے عوام بھی اپنی بہادر افواج کی پشت پر ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر ی عوام اپنی آزادی اور حق خودارادیت کیلئے قربانیوں کی ایک داستان قائم کی ہے۔ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں قتل عام،انسانی حقوق کی پامالی اور خطہ میں امن کو درپیش سنگین خطرات پر سنجیدہ توجہ مرکوز کرے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو احساس نہیں کہ تنازعہ کشمیر کے باعث عالمی امن کسی وقت بھی تہہ بالاہو سکتاہے۔

سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ دنیا میں بڑی تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں اور اگلے چند برس میں کشمیر کی آزادی کے امکانات روشن ہیں۔دریں اثناے سردار عتیق احمد خان کے اعزا ز میں سردار شہباز عباسی کی طرف سے دیے گئے عشائیے میں شرکت کی اس موقع پر ڈسٹرکٹ کونسل ممبر ضلع کونسل ،سردار شوکت افضل عباسی ،چیئرمین یوسی عباسی سردار شکیل عباسی ،سردار سعید ودیگر موجود تھے ۔