ض*گرینڈ ہیلتھ الائنس کا پنجاب اسمبلی کے باہر احتجاجی دھرنادوسرے روز بھی جاری

ژ*بنیادی و دیہی مراکز کی نجکاری کا فیصلہ واپس لیا جائے ، مظاہرین کا مطالبہ

منگل 8 اپریل 2025 20:10

u لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 اپریل2025ء) گرینڈ ہیلتھ الائنس کے مظاہرین نے اپنے مطالبات کے حق میں پنجاب اسمبلی کے باہر دوسرے روز بھی دھرنا جاری رکھا جس سے مال روڈ اور اطراف کی شاہراہوںپر بد ترین ٹریفک جام رہا،شدید گرمی میں ٹریفک میںپھنسے شہری مظاہرین اور انتظامیہ کو کوستے رہے ۔ تفصیلات کے مطابق نجکاری کے فیصلے کے خلاف گرینڈ ہیلتھ الائنس کے زیر اہتمام صوبہ بھر سے آئے ہیلتھ پروفیشنلز ڈاکٹرز ،نرسز ، پیرا میڈیکل سٹاف اور لیڈی ہیلتھ ورکرز نے پنجاب اسمبلی کے سامنے دوسرے روزبھی دھرنا دے کر اپنا احتجاج جاری رکھا ۔

ٹریفک پولیس کی جانب سے دھرنے کی طرف آنے والے راستوں کو رکاوٹیں لگاکر بند رکھا گیا جبکہ ٹریفک کو متبادل روٹس سے گزارا گیا ۔

(جاری ہے)

مال روڈ کی بندش کی وجہ سے اطراف کی شاہراہوں پر ٹریفک کا شدید دبائو رہا اور گاڑیوں کی طویل قطاریں لگی رہیں ، ٹریفک میں پھنسے شہری شدید گرمی سے بے حال نظر آئے ۔دھرنے پر بیٹھے مظاہرین کا موقف ہے کہ بنیادی و دیہی مراکز کی نجکاری کا فیصلہ واپس لیا جائے ،ہم پہلے بھی گرفتاریاں دے چکے ہیں اوراب بھی تیار ہیں ،وزیراعلیٰ پنجاب کو صحیح حقائق نہیں بتائے جارہے بلکہ انہیں غلط معلومات دے کر ملازمین کا معاشی قتل کرایا جارہا ہے ۔

مظاہرین نے کہاکہ جب تک ہمارے مطالبات تسلیم نہیں ہوں گے احتجاج جاری رہے گا اور آئندہ کے لائحہ عمل کا بھی اعلان کیا جائے گا۔دھرنے پر بیٹھے مظاہرین بھی شدید گرمی کی وجہ سے بے حال نظر آئے۔