یوتھ ونگ جماعت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، شرافت علی خلجی

تمام اضلاع، حلقوں، یونین کونسل، وارڈ، مہاجرین حلقوں اوورسیز کی تنظیم کو جلد از جلد مکمل کریں گے

بدھ 9 اپریل 2025 22:25

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اپریل2025ء)مرکزی سیکرٹری اطلاعات ونشریات مسلم لیگ ن یوتھ ونگ آزاد جموں وکشمیر شرافت علی خلجی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن یوتھ ونگ متحد ومنظم ہے یوتھ ونگ جماعت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، یوتھ کا منظم ہونا انتہائی ضروری ہے ان خیالات کا اظہار انھوں نے میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انھوں نے کہا کہ قائد پاکستان صدر مسلم لیگ ن محمد نواز شریف، وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے پیغام کو عام کرنے اور جماعت کی مضبوطی کیلئے یوتھ بھرپور کردار ادا کر رہی ہے انھوں نے کہا کہ ہم یوتھ ونگ کو منظم کرنے کے لیے تمام اضلاع، حلقوں، یونین کونسل، وارڈ، مہاجرین حلقوں اوورسیز کی تنظیم کو جلد از جلد مکمل کریں گے مسلم لیگ ن یوتھ ونگ پارٹی کی مضبوطی کے ساتھ ساتھ تحریک آزادی کشمیر اور نظریہ الحاق پاکستان کے حوالے سے بھی اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہے ان کا کہنا تھا ذاتی پسند نا پسند کا نظریہ ختم کرتے ہوئے پارٹی کے نظریاتی ورکرز کو یوتھ میں شامل کروانے کے لئے ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا تا کہ آمدہ الیکشن میں مسلم لیگ ن دو تہائی اکثریت سے کامیاب ہو کر حکومت بنائے اور عوامی محرومیوں کا ازالہ ہو سکے۔