سینیٹرتاج حیدر کو سپرد خاک کر دیا گیا

بدھ 9 اپریل 2025 20:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اپریل2025ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل و سینیٹر تاج حیدر کی جنازہ نماز بدھ کوادا کی گئی ، بعدازاں انہیں حضرت عبداللہ شاہ غازی کے مقبرے کے احاطہ میں سپرد خاک کیا گیا۔ قبل ازیں جنازہ نماز میں وزیرا علیٰ سندھ سید مراد علی شا ہ، گورنر کامران خان ٹیسوری، سابق وزیراعلیٰ سید قائم علی شا ہ ، سابق چیئر مین سینیٹ میاں رضا ربانی، سنیئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن، پیپلزپارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو، سینیٹر وقار مہدی ، صوبائی وزراء سعید غنی، منظور حسین وسان اور پارٹی کے دیگر رہنما شریک تھے۔

تاج حیدر گذشتہ شب کراچی کے ایک مقامی ہسپتال میں انتقال کرگئے تھے۔ تاج حیدر کا شمار پاکستان پیپلزپارٹی کے بنیادی ارکان میں سے ہوتا ہے اور سیاست میں ہمیشہ پیپلزپارٹی کے ساتھ منسلک رہے۔

(جاری ہے)

اس وقت وہ سینیٹر تھے۔ تاج حیدر 8 مارچ 1942 کو راجستان کے علاقہ کوٹہ میں پیدا ہوئے اور قیام پاکستان کے بعد ان کا خاندان ہجرت کرکے پاکستان منتقل ہوا اور کراچی میں سکونت اختیار کی۔ تاج حیدر 1967 میں پاکستان پیپلزپارٹی کے قیام پر پارٹی میں شامل ہوئے اور آخر تک اس جماعت سے منسلک رہے۔ پیپلزپارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری سینیٹر وقار مہدی نےبتایا کہ تاج حیدر کا سوئم بروز جمعہ شام 4 بجے ہوگا اور مرحوم کے ایصال ثواب کے لئے دعا کی جائے گی۔