اسلام آباد،وزیراعظم شہبازشریف 2 روزہ دورے پر بیلاروس چلے گئے

جمعرات 10 اپریل 2025 17:31

اسلام آباد،وزیراعظم شہبازشریف 2 روزہ دورے پر بیلاروس چلے گئے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اپریل2025ء)وزیراعظم شہباز شریف دو روزہ دورے پر بیلاروس چلے گئے، وہ بیلاروس کے صدر کی دعوت پر سرکاری دورہ کر رہے ہیں۔نائب وزیراعظم اسحٰق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی وزیر اعظم کے ہمراہ ہیں۔دورے کے دوران وزیراعظم، بیلاروس کے صدر سے ملاقات کریں گے جس میں باہمی دلچسپی کے شعبوں میں ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لیا جائے گا۔

(جاری ہے)

توقع ہے کہ فریقین تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے متعدد معاہدوں پر دستخط کریں گے۔وزیراعظم کا دورہ پاکستان اور بیلاروس کے درمیان مضبوط اور جاری شراکت داری کو اجاگر کرتا ہے۔واضح رہے کہ بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشنکو گزشتہ برس نومبر میں 3 روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچے تھے جبکہ بیلا روس کے وزرا اور کاروباری شخصیات پر مشتمل 68 رکنی وفد بھی پاکستان آیا تھا۔اس موقع پر پاکستان-بیلاروس بزنس فورم کے دوران دونوں ملکوں میں تجارت کے فروغ کے لیے بزنس ٹو بزنس 8 مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط کیے گئے تھے۔