لاہور سمیت پنجاب ،خیبرپختونخواہ میں طویل انتظار کے بعد موسلادھاربارش، گرمی کا زورٹوٹ گیا

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں بارش سے پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کردیا،۔محکمہ موسمیات نے اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کی پیشگوئی کر دی

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 11 اپریل 2025 11:35

لاہور سمیت پنجاب ،خیبرپختونخواہ میں طویل انتظار کے بعد موسلادھاربارش، ..
لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11اپریل 2025)صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب، خیبرپختونخواہ میں موسلادھاربارش کے بعد گرمی کا زور ٹوٹ گیا،بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا، اسلام آباد، راولپنڈی، جھنگ، ملتان میں بھی بارش ہوئی، ڈیرہ اسماعیل خان، سرگودھا، پتوکی، صفدر آباد، ننکانہ صاحب اور سانگلہ ہل میں بھی ابر رحمت ہوئی، ٹانک شہر میں موسلا دھار بارش اور ژالہ باری ہوئی، ہری پور، کرک اور مضافات میں تیز ہواوں کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی۔

محکمہ موسمیات نے اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کی پیشگوئی کر دی۔لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں بارش سے پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کیاہے، ڈی جی پی ڈی ایم اے نے پنجاب بھر کے ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ آج صبح لاہور کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی، کینال روڈ، گلبرگ، جیل روڈ، مال روڈ، جوہر ٹاون، مال روڈ، گڑھی شاھو، مغل پورہ، لکشمی چوک، گوالمنڈی، سمن آباد، گلبرگ، ماڈل ٹاون اور ٹاون شپ سمیت مختلف علاقوں میں بارش ہوئی جبکہ قصور اور گرد و نواح میں بھی گرج چمک کے ساتھ بادل برسے جس کی وجہ سے وہاں بھی موسم خوش گوار ہو گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا،ہ خطہ پوٹھوہار، اسلام آباد، شمال مشرقی پنجاب، کشمیر اورگلگت بلتستان میں مطلع ابرآلود رہنے کے علاوہ وقفے وقفے سے تیز ہواوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی ہے۔اسلام آباد اور گرد و نواح میں مطلع ابرآلود رہنے کے علاوہ وقفے وقفے سے تیز ہواو¿ں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کی توقع ہے، اس دوران چند مقامات پرژالہ باری کا بھی امکان ہے۔لاہور میں بارش کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر واسا لاہور الرٹ ہو گیا ہے۔ ایم ڈی واسا کا کہنا ہے کہ آپریشنل عملہ اور مشینری فیلڈ میں متحرک رہیں، ٹاو¿ن ڈائریکٹرز اپنے ٹاو¿نز کی مکمل مانیٹرنگ رکھیں۔