9 مئی کے ملزمان پر فرد جرم عائد کرنے کی تاریخ مقرر، مقدمات کے چالان پیش نہ کرنے پر عدالت کااظہار برہمی

تمام ملزمان پر 19اپریل کو فرم جرم عائد کی جائیگی، انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج امجد علی شاہ سانحہ 9مئی کے مقدمات کی سماعت کی

Faisal Alvi فیصل علوی ہفتہ 12 اپریل 2025 10:48

9 مئی کے ملزمان پر فرد جرم عائد کرنے کی تاریخ مقرر، مقدمات کے چالان پیش ..
راولپنڈی(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12اپریل 2025)راولپنڈی کی عدالت نے 9مئی کے ملزمان پر فرد جرم عائد کرنے کی تاریخ مقرر کر دی،عدالت کا مقدمات کے چالان پیش نہ کرنے پر اظہار برہمی،سانحہ 9 مئی کے 3 مقدمات میں 19 اپریل کو ملزمان پر فرد جرم عائد ہوگی، سانحہ 9 مئی کے مقدمات کی سماعت انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے کی، جس میں وکلائے صفائی اور پراسیکیوٹر عدالت پہنچے۔

میجر طاہر صادق، واثق قیوم، صداقت عباسی، اپوزیشن لیڈر عمر ایوب، بابر اعوان، سابق وزیر داخلہ شیخ رشید اور دیگر بھی عدالت میں پیش ہوئے ۔ملزمان میں تین مقدمات کے چالان تقسیم کردئیے گئے جبکہ 10 مقدمات کے چالان پیش نہ کرنے پر عدالت نے برہمی کااظہار کیا۔ پولیس کی جانب سے مختلف تھانوں میں درج مقدمات کے چالان کی کاپیاں اور ریکارڈ بھی عدالت میں پہنچانے کے بعد ملزمان میں تقسیم کیا گیا۔

(جاری ہے)

بعدازاں عدالت نے عدالت نے سانحہ 9 مئی کے 13 مقدمات کی مزیدسماعت 19 اپریل تک ملتوی کردی۔یاد رہے کہ اس سے قبل پنجاب حکومت کی جانب سے بتایاگیا تھا کہ 9 مئی کو احتجاج یا ریلی نہیں بلکہ ادارے پر حملہ کیا گیاتھا ۔پنجاب حکومت نے رپورٹ سپریم کورٹ میں پیش کردی تھی۔ پنجاب میں سانحہ 9 مئی کے ہنگاموں سے 19 کروڑ 70 لاکھ روپے کا نقصان ہواتھا جب کہ 9 مئی کے 24 ہزار 595 ملزمان تاحال مفرور تھے۔

سپریم کورٹ میں جمع کروائی گئی رپورٹ کے مطابق 9 مئی کے پنجاب بھر کے 38 اضلاع میں 319 مقدمات درج ہوئے تھے۔ 9 مئی کے ٹوٹل ملزمان کی تعداد 35 ہزار 962 ہے اور 11 ہزار 367 ملزمان گرفتار تھے۔رپورٹ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ 9 مئی پر پنجاب کے 38 شہروں میں توڑ پھوڑ کرتے ہوئے املاک کو نقصان پہنچایا گیا تھا۔ لاہور میں 110 ملین کی املاک کو نقصان پہنچایا گیاتھا۔

اسی طرح راولپنڈی میں 26 ملین کا نقصان پہنچایا گیا تھا۔ میانوالی میں 50 ملین کا نقصان پہنچایا گیا تھا۔ سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی رپورٹ کے مطابق پنجاب میں 9 مئی پرتشدد احتجاج کے سبب 197 اشاریہ 348 ملین روپے کا ملک کو نقصان ہوا اور پرتشدداحتجاج کے سبب 152 پولیس افسران اور اہلکار زخمی ہوئے تھے۔پنجاب حکومت کے وکیل نے رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ سانحہ 9 مئی محض احتجاج یا ریلی نہیں بلکہ ایک ادارے پر حملہ تھا۔