صدرمملکت آصف زرداری کی طبعیت میں بہتری، ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا

آصف علی زرداری کا کورونا کا ریپڈ ٹیسٹ منفی آیا ہے جس کے بعد انہیں ہسپتال سے چھٹی دے دی گئی ہے، ڈاکٹروں نے انہیں مزید فزیو تھراپی جاری رکھنے کا مشورہ دیا ہے، ڈاکٹر عاصم حسین

Faisal Alvi فیصل علوی ہفتہ 12 اپریل 2025 11:16

صدرمملکت آصف زرداری کی طبعیت میں بہتری، ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا
کراچی(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12اپریل 2025)صدر مملکت آصف علی زرداری کی طبعیت میں بہتری آنے کے بعد انہیں ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا، صدر مملکت کے ذاتی معالج ڈاکٹر عاصم حسین کا کہنا ہے کہ آصف علی زرداری کا کورونا کا ریپڈ ٹیسٹ منفی آیا ہے جس کے بعد انہیں ہسپتال سے چھٹی دے دی گئی ہے،انہوں نے کہا کہ ہسپتال کے ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ صدرآصف علی زرداری کی طبیعت میں اب واضح بہتری آئی ہے تاہم ڈاکٹروں نے انہیں مزید فزیو تھراپی جاری رکھنے کا مشورہ دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آصف علی زرداری کئی روز تک ہسپتال میں داخل رہنے کے بعد اب روبصحت ہیں تاہم ان کا باقاعدہ سے چیک اپ بھی کیا جائے گا۔واضح رہے کہ چند روز قبل صدر مملکت آصف علی زرداری کی طبیعت ناساز ہونے پر انہیں نوابشاہ سے کراچی کے نجی ہسپتال میں داخل کرا دیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

بتایا گیا تھا کہ صدر آصف زرداری کو انفیکشن اور بخار کی وجہ سے ہسپتال میں داخل کیا گیا تھاجہاں صدر مملکت کے میڈیکل ٹیسٹ کئے گئے تھے۔

بعدازاںصدر مملکت کے ذاتی معالج ڈاکٹر عاصم حسین کا کہنا تھا کہ آصف علی زرداری کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا انہیں آئیسولیشن میں رکھا گیا تھا۔صدرمملکت کے مختلف ٹیسٹ کئے گئے تھے اوران کی مکمل مانیٹرنگ کی جا رہی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری کراچی کے نجی ہسپتال میں زیرعلاج تھے اور ان کی مکمل دیکھ بھال کی جا رہی تھی اوران کے مزید ٹیسٹ بھی کئے جا رہے تھے۔

ڈاکٹر عاصم حسین کا یہ بھی کہناتھا کہ آصف علی زرداری کو عیدالفطر سے قبل بخاراورانفیکشن کی شکایت ہوئی تھی جس پر میں نے انہیں نواب شاہ سے کراچی کے ہسپتال میں منتقل ہونے کا مشورہ دیاتھا۔یہ بھی بتایا گیا تھا کہ کراچی کے نجی ہسپتال میں صدر مملکت کے میڈیکل ٹیسٹ کئے گئے تھے۔ ڈاکٹر عاصم حسین کی زیر نگرانی میڈیکل ٹیم صدر مملکت کا علاج کررہی تھی۔

ہسپتال میں کراچی سے تعلق رکھنے والے پارٹی رہنما و عہدے دار موجود تھے۔ آصف علی زرداری جس وارڈ میں داخل ہیں اس فلور پر غیر متعلقہ افراد کو جانے کی اجازت نہیں تھی ۔ وزیراعظم شہبازشریف نے صدرمملکت آصف زرداری سے ان کی خیریت دریافت کی تھی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پوری قوم کی دعائیں آپ کے ساتھ تھیں۔ اللہ آپ کو جلد صحت کاملہ عطا فرمائے۔گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری نے صدر مملکت آصف علی زرداری کے معالج ڈاکٹر عاصم کو فون کیاتھا انہوں نے آصف زرداری کی خیریت معلوم کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا تھا۔