بلاول بھٹو احتجاج کی بجائے اپنے والد سے پوچھیں کہ نہروں کی منظوری کیوں دی ہے؟

نہروں کے معاملے پر زرداری کی منظوری اور بلاول بھٹو کی مخالفت سمجھ سے بالاتر ہے، نہروں کا معاملہ سب سے پہلے پی ٹی آئی نے اٹھایا تھا، مشیراطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 12 اپریل 2025 19:11

بلاول بھٹو احتجاج کی بجائے اپنے والد سے پوچھیں کہ نہروں کی منظوری کیوں ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 اپریل 2025ء) مشیراطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو احتجاج کی بجائے اپنے والد سے پوچھیں کہ نہروں کی منظوری کیوں دی ہے؟ نہروں کے معاملے پر زرداری کی منظوری اور بلاول بھٹو کی مخالفت سمجھ سے بالاتر ہے۔ انہوں نے اپنے ردعمل میں کہا کہ نہروں کے معاملے پر صدر زرداری نے یا تو سندھ کے عوام کے پیٹ میں چھرا گھونپا ہے یا ان کی یادداشت جواب دے گئی ہے، پیپلز پارٹی دونوں باتوں میں سے ایک کو مان لیں کیونکہ دونوں کی ایک ساتھ تردید ممکن نہیں ہے، اگر آصف زرداری کی ذہنی حالت ٹھیک نہیں تو وہ اعلیٰ ترین عہدے پر کیوں براجمان ہیں؟ فوری مستعفی ہوں، صدر زرداری کو اپنی جسمانی اور ذہنی حالت کیوجہ سے خود مستعفی ہونا چاہئیے، پیپلز پارٹی نہروں کے معاملے پر صرف ووٹ بچانے کی کوشش کر رہی ہے،  نہروں کی منظوری خود صدر آصف علی زرداری نے دی،آصف زرداری کی منظوری اور بلاول بھٹو کی مخالفت سمجھ سے بالاتر ہے، پیپلز پارٹی احتجاج کا ڈرامہ رچا کر ووٹ بینک بچانے کی کوشش کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

نہروں کا معاملہ سب سے پہلے پاکستان تحریک انصاف نے اٹھایا تھا، بلاول بھٹو احتجاج کے بجائے اپنے والد سے پوچھیں کہ نہروں کی منظوری کیوں دی ہے؟ دوسری جانب وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ دریائے سندھ پر نہروں کی تعمیر کا منصوبہ حکومت پنجاب کا گرین انیشیوٹیو کا حصہ ہے۔ انہوں نے سجاول اور ٹھٹھہ میں کئی سو کلو میٹر واٹر چینلز پکے کیے جانے کے بعد میڈیا سے بات کی۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی چیئرمین کی ہدایت پر پہلے بھی کام کیا ہے آگے اور زیادہ کریں گے، دریائے سندھ پر نہروں کی تعمیر پیپلز پارٹی کو بدنام کرنے کی سازش ہے۔ان کا کہنا ہے کہ سندھ، کے پی کے اور پنچاب کے لوگ دریا سندھ کے مالک ہیں۔مراد علی شاہ نے کہا کہ یہ لوگ کہتے ہیں کہ زرداری صاحب نے نہروں کی اجازت دی، لیکن صدر کو کسی چیز کی منظوری کا اختیار نہیں، وہ اپنا پالیسی اسٹیٹمنٹ جوائنٹ سیشن میں دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صدر کو جیسے ہی پہلا موقع ملا انہوں نے فوری اس پر اعتراض کیا اور کہا کہ وہ اس منصوبے کو سپورٹ نہیں کرتے۔وزیرِ اعلی سندھ نے کہا کہ بلاول بھٹو نے بھی کینالز کے خلاف 27 دسمبر کو واضح اعلان کیا تھا۔