حکومت اوورسیز پاکستانیوں کی زمینوں اور جائیدادوں کو قبضہ مافیا سے واگزار کروا کر انہیں تحفظ فراہم کرے،صدرمسلم لیگ ن اوورسیز فرانس چیپٹر

ہفتہ 12 اپریل 2025 23:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اپریل2025ء) مسلم لیگ (ن) اوورسیز فرانس چیپٹر کے صدر میاں محمد حنیف، چیف پیٹرن محمد ریاض پاپااور طلعت محمود چوہان نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اوورسیز پاکستانیوں کی زمینوں اور جائیدادوں کو قبضہ مافیا سے واگزار کرائے اور انہیں تحفظ فراہم کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کونیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا،مسلم لیگ (ن) فرانس کے صدر میاں محمد حنیف کامزید کہنا تھا کہ 13 سے 15 اپریل تک اسلام آباد میں ہونے والے اوورسیز کنونشن میں شرکت کیلئے 40 سے زائد سرمایہ کار آئے ہوئے ہیں جو ملک میں اربوں روپے کی سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں،تاہم وطن واپسی پر35 ارب ڈالر سالانہ زرمبادلہ بھیجنے والے اوور سیز پاکستانیوں کو بے پناہ مسائل اور مشکلات کا سامنا پرنا پڑتا ہےاورانہیں ایک موبائل فون لانے کی بھی اجازت نہیں ہے، حکومت سے مطالبہ ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کو کم از کم ایک موبائل فون لانے کی اجازت دی جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایک سیاسی جماعت نے اوور سیز پاکستانیوں کو ترسیلات زر پاکستان بھیجنے سے منع کیا مگر اس کے باوجود بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں نے انکی اس درخواست کو رد کرتے ہوئے یہ سلسلہ جاری رکھا کیونکہ ہمیں وطن پیارا ہے۔اس موقع پر محمد ریاض پاپا نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی دیار غیر میں بیٹھ کر وطن عزیز کی خدمت کر رہے ہیں اور اربوں روپے کا زرمبادلہ پاکستان بھیجتے ہیں،مگر ستم ظریفی کی بات ہے کہ قبضہ مافیا نے انکی پاکستان میں موجود زمینوں اور جائیدادوں پر قبضہ کر لیا ہے ،انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ انکی زمینوں اور جائیدادوں کو قبضہ مافیا سے واگزار کرایا جائے اور انہیں تحفظ فراہم کیا جائے، انکا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کے دور حکومت میں اوورسیز پاکستانیوں کیلئے ایک خصوصی سیل بنایا گیا تھاجہاں پر انکی شکایات پر فوری کارروائی ہوتی تھی اور انکے مسائل دو ہفتوں کے اندر حل ہو جاتے تھے،اس سیل کو دوبارہ فعال کیا جائے تاکہ سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل حل ہو سکیں، اگر ہماری زمینیں اور جائیدادادیں قبضہ مافیا سے چھڑوا دی جائیں اور ہمیں تحفظ فراہم کیا جائے تو تین برس کے اندر پاکستان پر بیرونی قرضہ اتار سکتے ہیں،اس موقع پر طلعت محمود چوہان نے کہا کہ ہمارا جینا مرنا پاکستان کیساتھ ہے، اس ملک کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالنا چاہتے ہیں،اوورسیز کنونسن میں شرکت کیلئے آنے والےہمارے وفد میں 40 سے زائد سرمایہ کار موجود ہیں جو پاکستان میں سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں، حکومت ہماری مشکلات اور شکایات کا ازالہ کرے۔