گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کا سگھر شریف ضلع تلہ گنگ کا دورہ

شاہ ہمدان اسلامک کمپلیکس میں منعقدہ عظیم الشان "انٹرنیشنل ختمِ نبوت کانفرنس" میں بحثیت مہمان خصوصی شرکت

اتوار 13 اپریل 2025 18:25

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اپریل2025ء)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے سگھر شریف ضلع تلہ گنگ کا دورہ کیا اور شاہ ہمدان اسلامک کمپلیکس میں منعقدہ عظیم الشان "انٹرنیشنل ختمِ نبوت کانفرنس" میں بحثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔کانفرنس میں پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم، سابق وفاقی وزیر برائے مزہبی امور حامد سعید کاظمی، تحریک منہاج القرآن کے رہنما خرم نواز گنڈاپور سمیت علماء و مشائخ شریک تھی. ختم نبوت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ عقیدہ ختمِ نبوت امت مسلمہ کا متفقہ ایمان ہے، عقیدہ ختمِ نبوت اسلام کی اساس اور بنیاد ہے، جس پر کامل ایمان کے بغیر کوئی شخص مسلمان کہلانے کا حق نہیں رکھتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے سید قاسم علی ہمدانی، سید مبارک علی ہمدانی اور صاحبزادہ سید مقصود ہمدانی کو اس روحانی محفل کے انعقاد پر مبارکباد دی اور کہا کہ ایسی کانفرنسز دینی شعور و آگاہی کا ذریعہ بنتی ہیں۔ گورنر فیصل کریم کنڈی نے خانقاہی نظام کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ خانقاہیں انسانی خدمت اور روحانی تربیت کے مراکز ہیں، موجود حالات میں خانقاہوں سے امن و محبت، رواداری کا پیغام معاشرے کی اصلاح کیلئے انتہائی ضروری ہے، انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں شدت پسندی، انتہاپسندی اور دہشتگردی کے خاتمہ کیلئے علماء کرام سمیت تمام مزہبی و سیاسی رہنماؤں کو ملکر کردار ادا کرنا ہو گا، گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ سرورِ کائنات حضرت محمد مصطفیٰ پر نبوت کا سلسلہ مکمل ہو چکا ہے اور اب قیامت تک کوئی نبی نہیں آئے گا۔

انہوں نے 1973ء کے آئین کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو نے قادیانیوں کو غیر مسلم اقلیت قرار دے کر عقیدہ ختمِ نبوت کی حفاظت کی اور اس پر اپنی جان تک قربان کر دی۔