پاکستان اور افغانستان کے درمیان تعلقات میں بتدریج بہتری آ رہی ہے ، عرفان صدیقی

پیر 14 اپریل 2025 23:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اپریل2025ء) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے امور خارجہ کے چیئرمین سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان تعلقات میں بتدریج بہتری آ رہی ہے اور آئندہ دنوں میں اعلیٰ سطحی روابط سے دوطرفہ مذاکرات کو تقویت ملے گی۔کمیٹی اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ افغانستان کے لیے پاکستان کے خصوصی نمائندے صادق خان نے اراکین کو دونوں ممالک کے درمیان متوقع اعلیٰ سطحی روابط کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

سینیٹر عرفان صدیقی نے ان رابطوں پر امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ دورے پاک-افغان دوطرفہ مذاکرات کو ایک نئی جہت دیں گے۔بریفنگ کے دوران صادق خان نے بتایا کہ پاکستان نے افغان طالبان کی کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کو مبینہ طور پر پناہ دینے کے معاملے کو دوٹوک انداز میں اٹھایا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ٹی ٹی پی مختلف گروپوں پر مشتمل ہے تاہم پاکستان کا مؤقف اس معاملے میں واضح اور دوطرفہ بات چیت میں توجہ کا مرکز بن چکا ہے۔

سینیٹر عرفان صدیقی نے مزید وضاحت کی کہ ایران میں جاں بحق ہونے والے پاکستانی شہری بہاولپور کے رہائشی تھے۔ انہوں نے کہا کہ دفتر خارجہ اس معاملے کو سفارتی سطح پر بھرپور انداز میں اٹھا رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ اس وقت لاشوں کی وطن واپسی پر کام جاری ہے، جب کہ ایرانی حکام کے ساتھ قریبی رابطے کے ساتھ واقعے کی مکمل تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ ایرانی حکومت کی جانب سے اس افسوسناک واقعے کی مذمت بھی کی گئی ہے۔ ایران کے ساتھ اعلیٰ سطحی روابط کا امکان ہے جب کہ کمیٹی نے افغانستان سے متعلق ایک اور اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔