گورنر خیبرپختونخوا کی لیگی رہنما ملک اسد خان کے قتل کی مذمت

قیام امن صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے جس کو نبھانے کے بجائے صوبائی حکومت نے دہشتگردوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ،بیان

منگل 15 اپریل 2025 20:15

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اپریل2025ء)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے سابق ضلع ناظم کوہاٹ ملک اسد خان کی ٹارگٹ کلنگ پرشدید غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ قیام امن صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے جس کو نبھانے کے بجائے صوبائی حکومت نے صرف دہشت گردوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے۔سابق ناظم اعلیٰ ملک اسد کی بیہمانہ قتل پر اپنے پیغام میں گورنر نے کہاکہ صوبہ بھر میں ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد دہشت گردوں کا نشانہ بن رہے ہیں اور صوبائی حکومت مجرمانہ خاموشی اختیار کئے ہوئے ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ملک اسد خان مخلص ‘محنتی اور محب وطن سیاسی رہنما تھے۔ ان کے خاندان نے پہلے بھی ملک سعد جیسے ہونہار سپہ سالار کو وطن پر قربان کیا تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے شہید ملک اسد کے اہل خانہ کے ساتھ دکھ کی اس گھڑی میں مکمل ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہید کے درجات بلند کرے اور انکے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ ادھر پاکستان پیپلزپارٹی، خیبرپختونخواہ کے صوبائی صدر سید محمد علی باچا نے بھی سابق ضلع ناظم ملک اسد خان کے بہیمانہ قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اندوہناک واقعہ نہ صرف ایک معزز سیاسی شخصیت کے خلاف ظلم ہے بلکہ صوبے کے امن و امان پر بھی سنگین سوالیہ نشان ہے۔

ملک اسد خان ایک باوقار، باعزت اور خدمت گزار شخصیت تھے جن کا تعلق ایک معتبر خاندان سے تھا۔ ان کی شہادت پر انتہا ئی دکھ اور افسوس ہے۔انہوں نے مرحوم کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ سے دعا کی ہے کہ انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے۔سید محمدعلی شاہ باچا نے حکومت سے مطالبہ ہے کہ قاتلوں کو فوری گرفتار کر کے انصاف فراہم کیا جائے۔