وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری اور وزیر ریلوے نے ڈیرہ غازی خان اور ملتان کے درمیان شٹل ٹرین کا افتتاح کر دیا

شٹل ٹرین چلنے سے ملتان، ڈیرہ غازی خان سمیت جنوبی پنجاب کے دیگر شہروں کے عوام کو بہترین سفری سہولیات میسر آئیں گی، اویس لغاری

بدھ 16 اپریل 2025 20:30

ڈیرہ غازی خان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2025ء) وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری اور وفاقی وزیر ریلوے نے ڈیرہ غازی خان اور ملتان کے درمیان چلنے والی شٹل ٹرین کا افتتاح کر دیا۔ ڈیرہ غازی خان ریلوے اسٹیشن پر افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اویس لغاری نے کہا کہ شٹل ٹرین چلنے سے ملتان، ڈیرہ غازی خان سمیت جنوبی پنجاب کے دیگر شہروں کے عوام کو بہترین سفری سہولیات میسر آئیں گی۔

وزیر اعظم نے 7 روپے 41 پیسہ فی یونٹ بجلی سستی کرکے عوام کو تحفہ دیا ہے۔ انہوں نے کہ آج ڈیرہ غازی خان کی عوام کے لئے بڑی خوشی کادن ہے کیونکہ کئی برس سے بند ریلوے سٹیشن آج دوبارہ بحال کیاجارہاہے اورریلوے سٹیشن پر موجود عوام کی بڑی تعداد اس بات کی گواہی دے رہی ہے کہ مسلم لیگ ن جب بھی برسراقتدار آئی ہے انہوں نے عوامی فلاحی منصوبوں پر ترجیحی بنیاد پر کام کیاہے۔

(جاری ہے)

جب ہماری حکومت برسراقتدار آئی تو پاکستان کو بے شمار چیلنجز کا سامناتھا،ہرطرف پریشانی کاعالم تھا عوام مہنگائی بے روز گاری اوریقینی صورتحال سے پریشان تھی۔انہوں نے کہاکہ بین الاقوامی سطح پر بھی پاکستان کی معاشی صورت حال غیر تسلی بخش تھی اور مہنگی بجلی کی وجہ سے عوام پریشان تھی مگر ایک سال کے اندر وزیراعظم میاں شہباز شریف کی قیادت اورمحمد نواز شریف کی رہنمائی میں پاکستان اب ترقی کاسفر شروع کرچکاہے اور وزیراعظم میاں شہباز شریف کی سب سے زیادہ توجہ مہنگائی پرقابو پاناہے۔

انہوںنے کہا کہ سب سے پہلے ملک کے بڑے سیٹھوں سے 3400ارب روپے کی وصولی کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم نے 7روپے 41پیسے فی یونٹ کمی کااعلان کیاہے جس سے عوام کو ریلیف ملے گا، اس وقت تقریباً 3کروڑ 30لاکھ بجلی کے صارفین ہیں جن میں سے ایک کروڑ 75لاکھ صارفین 200یونٹ سے کم یونٹ استعمال کرنے والے ہیں ان کوبھی بجلی سستی ملے گی۔سردار اویس لغاری نے کہاکہ جب پاکستان تحریک انصاف برسراقتدار تھی تو ڈیرہ غازی خان کی عوامی کا کوئی پرسان حال نہیں تھا اورنہ ہی یہاں پرکوئی عوامی فلاحی منصوبے شروع کئے گئے جبکہ موجودہ حکومت نے ڈیرہ غازی خان میں سردار فاروق لغاری انٹر نیشنل ایئرپورٹ کو بحال کیا،اس حوالے سے کام تیزی سے جاری ہے انڈس ہائی وے کو دورویہ کرنے اورکینسر ہسپتال کے حوالے سے بھی کام کیاجارہاہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ کئی برس سے ڈیرہ غازی خان کے بند پڑے ریلوے اسٹیشن کو ڈیرہ غازی خان اور ملتان کے درمیان شٹل ٹرین چلا کر دوبارہ بحال کر دیا ہے۔انہوںنے کہا کہ وزیر ریلوے حنیف عباسی کا شکر گزار ہوں جنہوں نے میرے شہر کے ریلوے سٹیشن کی رونقیں بحال کی ہیں۔جب وفاقی وزیر سردار اویس احمد خاں لغاری اور وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی ڈیرہ غازی خان ریلوے اسٹیشن پہنچے تو عوام نے ان کا پرتپاک استقبال کیا ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے۔