پنجاب پولیس کی بڑی کامیابی، کچہ جمال کے علاقہ سے ڈاکووں کا قبضہ چھڑا لیا گیا

پولیس کے گرینڈ آپریشن کے دوران دوخطرناک ڈاکو عبدالرحمان عرف بگا اور بہادر سیدانی ہلاک ہوئے، فائرنگ کے تبادلے میں تین ڈاکو بھی شدید زخمی ،آپریشن کے دوران ڈاکووں کے تمام ٹھکانوں اور کمین گاہوں کو آگ لگا کر تباہ کردیا

Faisal Alvi فیصل علوی جمعرات 17 اپریل 2025 12:13

پنجاب پولیس کی بڑی کامیابی، کچہ جمال کے علاقہ سے ڈاکووں کا قبضہ چھڑا ..
راجن پور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17اپریل 2025)پنجاب پولیس کو بڑی کامیابی مل گئی ،راجن پور کے علاقہ کچہ جمال کے علاقہ سے ڈاکوﺅں کا قبضہ چھڑا لیا گیا، پولیس کے گرینڈ آپریشن کے دوران دوخطرناک ڈاکو عبدالرحمان عرف بگا اور بہادر سیدانی ہلاک ہوئے، فائرنگ کے تبادلے میں تین ڈاکو بھی شدید زخمی ہوگئے،تفصیلات کے مطابق پنجاب کے ضلع راجن پور میں پولیس کو کچے کے ڈاکووں کے خلاف آپریشن میں بڑی کامیابی ملی ہے۔

ترجمان پولیس کے مطابق پنجاب پولیس نے کچہ جمال کے علاقہ سے ڈاکووں کا قبضہ ختم کروا لیا ہے۔آپریشن کے دوران ڈاکووں کے تمام ٹھکانوں اور کمین گاہوں کو آگ لگا کر تباہ کردیا گیا۔ پانچ ڈاکووں نے اسلحہ سمیت خود کو پولیس کے حوالے کردیا ہے۔گرینڈ آپریشن کے دوران ایک مغوی محمد آصف کو بھی بازایاب کرا لیا گیا۔

(جاری ہے)

محمد آصف کو عمرانی گینگ نے کچھ روز قبل بیمار جانوروں کا معائنہ کرنے کیلئے بلا کر اغوا کیا تھا۔

ترجمان پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ گرفتار ڈاکو قتل ،اغوا اور ڈکیتی کے درجنوں مقدمات میں مطلوب تھے۔پولیس کا مزیدکہنا ہے کہ یہ علاقہ نو سال سے ڈاکووں کے قبضے میں تھا۔ گرینڈ آپریشن میں پنجاب پولیس ایلیٹ فورس کے کمانڈوز نے بکتر بند گاڑیوں کے ہمراہ حصہ لیا تھا۔خیال رہے کہ اس سے قبل روجھان پولیس کی جانب سے راجن پور کچہ کے علاقے روجھان میں عمرانی گینگ اور لونڈ گینگ کے ڈاکووں کی گرفتاری کیلئے چک عمرانی میں کارروائی کی گئی تھی۔

پولیس کی پیش قدمی پر ڈاکو دریا کے راستے فرار ہوگئے بعد ازاں جن میں سے دو ڈاکو گرفتار کرلئے گئے تھے۔قبل ازیں پنجاب پولیس نے ڈیرہ غازی خان نے خیبرپختونخوا ہ بارڈر پر واقع سرحدی چوکی لکھانی پر خوارجی دہشتگردوں کا ایک اور بڑا حملہ ناکام بنا دیا تھا۔چیک پوسٹ پر 20 سے 25 خوارجی دہشتگرد چاروں اطراف سے حملہ آور ہوئے تھے۔ حملہ آوروں نے مارٹر گولے، راکٹ لانچرز، سنائپر رائفلز اور دیگر بھاری اسلحہ کا استعمال کیا تھا۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق پولیس، ایلیٹ فورس اور ایس او یو کے بہادر جوانوں نے جرات و بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے چیک پوسٹ کا دفاع کیا اور دہشت گردوں کو پسپا ہونے پر مجبور کر دیا تھا ۔ پولیس کے تمام جوان اس حملے میں محفوظ رہے تھے جو کہ فورس کی پیشہ ورانہ مہارت اور مستعدی کا ثبوت تھا۔ پولیس کی جوابی کارروائی کے دوران ایک دہشت گرد ہلاک جبکہ متعدد کے زخمی ہونے کی اطلاعات موصول ہوئیں تھیں۔آر پی او ڈیرہ غازی خان کیپٹن (ر) سجاد حسن خان نے آپریشن کی نگرانی کی جبکہ ڈی پی او ڈیرہ غازی خان سید علی کی قیادت میں کیو آر ایف ٹیموں نے بروقت کارروائی کی۔سرحدی علاقوں میں سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی تھی۔