پی آئی اے کی برطانوی فضائی حدود میں واپسی پاکستان کی فتح ہے، پروازوں کی بحالی کے ساتھ پاکستان فاتح ٹھہرا، وزیراعظم

شہباز شریف نے قومی ایئرلائن پی آئی اے کو کئی برسوں بعد بالآخر برطانیہ کیلئے فضائی آپریشن کی بحالی کی اجازت کوبڑی سفارتی کامیابی قراردیدیا،الحمدللہ! پی آئی اے کی برطانیہ کے آسمانوں پر واپسی ہو چکی ہے، وزیراعظم کا ایکس پر ٹوئیٹ

Faisal Alvi فیصل علوی بدھ 16 جولائی 2025 17:10

پی آئی اے کی برطانوی فضائی حدود میں واپسی پاکستان کی فتح ہے، پروازوں ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16جولائی 2025)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پی آئی اے کی برطانوی فضائی حدود میں واپسی پاکستان کی فتح ہے، پروازوں کی بحالی کے ساتھ پاکستان فاتح ٹھہرا، شہباز شریف نے قومی ایئرلائن پی آئی اے کو کئی برسوں بعد بالآخر برطانیہ کیلئے فضائی آپریشن کی بحالی کی اجازت کوبڑی سفارتی کامیابی قراردیدیا،سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئیٹر)پر اپنے بیان میں وزیراعظم کاکہناتھا کہ اللہ کے فضل سے پاکستان کی ساکھ بحال ہوئی ہے۔

الحمدللہ! پی آئی اے کی برطانیہ کے آسمانوں پر واپسی ہو چکی ہے۔ آج کا اعلان طویل انتظار کے بعد خاندانوں اور دوستوں کیلئے دوبارہ ملنے کے نئے مواقع لے کر آیا ہے۔ برطانیہ کیلئے پاکستانی انٹرنیشنل ایئر لائنز کی پروازوں کی بحالی کے ساتھ پاکستان فاتح ٹھہرا۔

(جاری ہے)

ان کا کہناتھا کہ پی ٹی آئی کے بعض رہنماؤں کے غیر ذمہ دارانہ اور بے بنیاد بیانات کے باعث پاکستان کو عالمی سطح پر شدید بدنامی کا سامنا کرنا پڑا جس کے نتیجے میں قومی ایئرلائن کو یورپ اور برطانیہ سمیت اہم فضائی راستوں سے محروم ہونا پڑا۔

تحریک انصاف کے سابق وزیر کے بیان کی وجہ سے پی آئی اے پر یورپ اور برطانیہ میں 4 سال تک پابندی رہی۔ہمارے قومی کیریئر کو برسوں برطانیہ اور یورپ سمیت اہم عالمی راستوں سے محروم رکھا گیا۔شہباز شریف نے کہا کہ پی آئی اے کی بحالی برطانیہ میں مقیم 15 لاکھ پاکستانیوں اور پاکستان میں مقیم برطانوی شہریوں کو دوبارہ اکٹھا کر دے گی۔ پی آئی اے کی برطانیہ میں بحالی دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور روابط کو بھی فروغ دے گی۔

اس موقع پر وزیراعظم نے نائب وزیراعظم، وزیر دفاع، ایوی ایشن ڈویژن اور تمام سٹیک ہولڈرز کو مبارکباد بھی دی۔ان کا کہنا تھا کہ برطانیہ اور پاکستان کے درمیان سفر میں یہ آسانی اس اہم تجارتی تعلقات کو کئی گنا بڑھنے میں مدد دے گی۔بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ برطانیہ میں 16 لاکھ سے زائد پاکستانی نژاد افراد آباد ہیں جبکہ ہزاروں برطانوی شہری پاکستان میں موجود ہیں۔ ایسے میں اس فیصلے سے نہ صرف خاندانوں کے درمیان ملاقاتوں کی راہ ہموار ہوگی بلکہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کو بھی فروغ ملے گا۔ برطانیہ پاکستان کا تیسرا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے اور یہ بحالی اس تعلق کو مزید مستحکم کرے گی۔