سکیورٹی فورسز کے ڈیرہ اسماعیل خان میں آپریشن کے دوران 4دہشت گرد جہنم واصل، فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کا جوان شہید

جمعرات 17 اپریل 2025 22:20

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2025ء) سکیورٹی فورسز کے ڈیرہ اسماعیل خان میں آپریشن کے دوران 4دہشت گرد جہنم واصل ہوگئے، فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کا جوان شہید ہو گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق16 اپریل 2025 کو سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر ڈیرہ اسماعیل خان کے عمومی علاقے مڈی میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر ایک انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا۔

کارروائی کے دوران سکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو موثر انداز میں نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں چار دہشت گرد واصل جہنم ہو گئے۔

(جاری ہے)

فائرنگ کے شدید تبادلے میں مادر وطن کا ایک بہادر سپوت سپاہی باسط صدیق (عمر: 23 سال، ضلع اٹک کے رہائشی) جام شہادت نوش کر گئے۔ شہید نے دشمن کے خلاف جواں مردی سے لڑتے ہوئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔مارے گئے دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔

یہ دہشت گرد علاقے میں متعدد دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث رہے تھے۔ علاقے کو خوارج کے مزید عناصر سے پاک کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت بخشتی ہیں۔