Live Updates

میٹرو بس سروسز اور اوورنج لائن میٹرو ٹرین سے عوام کو بہترین سفری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، ترجمان

جمعہ 18 اپریل 2025 22:53

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2025ء) پنجاب میں ماس ٹرانزٹ کے تحت چلنے والے تمام منصوبوں سے جن میں خصوصا ًمیٹرو بس سروسز اور اوورنج لائن میٹرو ٹرین شامل ہے ، عوام کو بہترین سفری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور اس چیز کو ہر صورت یقینی بنایا جاتا ہے کہ مسافروں کو درپیش تمام مسائل فوری حل کئے جائیں۔ پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے شعبہ آپریشنز کی رپورٹ کے مطابق لاہور میٹروبس سروس کی تمام 64 بسیں فعال حالت میں کام کر رہی ہیں اور اپنے روزمرہ اوقات کار کے مطابق مقررہ کوریڈور از شاہدرہ تا گجومتہ مسافروں کی نقل و حمل میں بروئے کار ہیں۔

ترجمان پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے مطابق گجومتہ اور شاہدرہ چونکہ ٹرمینل اسٹیشنز ہیں اور گرین لائن (لاہور میٹرو بس سروس) کے دونوں سروں پرواقع ہیں لہذا یہاں بسوں پر سوار ہونے اور اپنا سفر مکمل کر کے اسٹیشنز پر اترنے والے مسافروں کی تعداد گرین لائن کے بقیہ تمام اسٹیشنزسے زیادہ ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

رش کے اوقات میں مسافروں کی آمد و رفت کئی گنا بڑھ جاتی ہے۔

ان دنوں سڑکوں پر غیر معمولی ٹریفک جام اور سست روی سے حرکت کرتی ہوئی ٹریفک کے پیش نظر بھی کئی مسافر گرین لائن کا انتخاب کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ پاکستان سپر لیگ کے میچوں کی وجہ سے گرین لائن بسوں کو سکیورٹی ضروریات کے پیش نظر تھوڑی دیر کے توقف کے بعد چلایا جاتا ہے جو کہ رش کے اضافہ کا سبب بنتا ہے۔عام حالات میں اس بات کو یقینی بنایا جاتا ہے کہ دو سے چھ منٹ کے اندر بس اسٹیشن پر موجود ہو۔

یہی وجہ ہے کہ بسوں کا کم سے کم ہیڈ وے (دورانیہ) 2منٹ اور زیادہ سے زیادہ 6 منٹ ہوتا ہے۔علاوہ ازیں گرین لائن کی ایک بس میں ایک وقت میں ایک سو ساٹھ (160) مسافروں تک کو سفر کرانے کی گنجائش ہے۔ تاہم رش کے اوقات میں گرین لائن بسوں میں 180 سے 200 تک مسافر سوار ہوجاتے ہیں جو غیر معمولی رش اور کولنگ کی کمی کاباعث بن سکتے ہیں۔ تاہم اس وقت گرین لائن کی بسوں میں ائرکنڈیشنرز ٹھیک طور پر کام کر رہے ہیں۔

کسی بھی بس میں ائرکنڈیشنر کی خرابی کا فوری نوٹس لیا جاتا ہے اور بس کو فوری طور پر غیرفعال کر دیا جاتا ہے اور اس کی جگہ دوسری بس کو مسافروں کی نقل و حمل کے لئے استعمال کیا جاتا ہے۔ترجمان پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کا ایک نجی اخبار میں شائع ہونے والی خبر پر رد عمل دیتے ہوئے مزید کہنا تھا کہ پی ایم اے میں مانیٹرنگ کا جدید ترین نظام نصب ہے جس کے تحت بس ہو یا مسافر ان کو درپیش کسی بھی مسئلے کا فوری نوٹس لیا جاتا ہے اور پوری کوشش کی جاتی ہے کہ اس کا سدباب کیا جائے۔

میٹرو بسز اور اورنج لائن ٹرین میں مسافروں کی روز بروز بڑھتی ہوئی تعداد اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ لوگ اس سروس کو بے حد پسند کرتے ہیں اور اس میں سفر کرنے کو ترجیح دیتے ہیں۔بعض اوقات افواہیں یا غلط رپورٹنگ اس عوامی منصوبے کو نقصان پہنچانے کی ایک ناکام کوشش کے طور پر سامنے آتی ہے جس کیلئے ضروری ہے کہ اس کی تصدیق کر لی جائے کیونکہ پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی عوامی سہولت کیلئے ہر ضروری اقدام اٹھانے میں کبھی کوئی کوتاہی نہیں برتتی اور آئندہ بھی عوام کو معیاری سفری سہولیات فراہم کرنے کیلئے بہترین اقدامات اٹھاتی رہے گی۔
Live پی ایس ایل 10 سے متعلق تازہ ترین معلومات