پاکستان ،افغانستان کے تعلقات میں دراڑ ڈالنے والوں کو ہمیشہ مایوسی کا سامنا کرنا پڑیگا ،محمد یعقوب خان ناصر

ہفتہ 19 اپریل 2025 22:00

لورالائی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اپریل2025ء)پاکستان مسلم لیگ (ن )کے مرکزی رہنما رکن قومی اسمبلی سردار محمد یعقوب خان ناصر نے کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے تعلقات میں دراڑ ڈالنے والوں کو ہمیشہ مایوسی کا سامنا کرنا پڑیگا اسحاق ڈار کا دورہ کابل سے معمولی نوعیت کے اختلافات کا بھی خاتمہ ہو گیا ہے افغان بھائی خوش اسلوبی کے ساتھ اپنے وطن جارہے ہیں انکے ساتھ اچھے اخلاق کا مظاہرہ کر ینگے انکی توہین کا ہم سوچھ بھی نہیں سکتے ۔

انہوں نے کہا کہ تین سو ارب روپے کے خطیر بجٹ سے چمن کوئٹہ اور خضدار شاہراہ کو موٹر ویز ماڈل کے طور پر دوسال میں اسکی تعمیر مکمل ہوگی اور انسانی جانوں کو بچایا جاسکے گا اسی طرع کچھی کینال کے نامکمل منصوبے کی تکمیل ہوگی جس سے بلوچستان سرسبز و شاداب ہو جائیگا انہوں نے کہا کہ ہم ملک کی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرینگے پاکستان ہے تو ہم ہیں دہشت گردی کے ایشو پر پوری قوم عسکری اور قومی قیادت نے فیصلہ کن فیصلہ سازی کا فیصلہ کر لیا ہے اج پوری قوم ملک سے دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کے لئے متحد ہے اور موجودہ حکومت کی بھرپور حمایت کا عزم مسمم رکھتی ہے۔

(جاری ہے)

ضرورت اس امر کی ہے کہ عوام اپنی صفوں میں چھپے ملک دشمن عناصر کو پہچانیں جو قوم میں تفرقہ پیدا کرکے اپنے مکروہ عزائم کی تکمیل چاہتے ہیں انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام کو دہشت گردی کے اس ناسور سے چھٹکارا دلانے کے علاوہ کوئی آپشن نہیں ہے اور ہم شہید ہونے والے معصوم لوگوں کا خون رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم دہشت گردی کے خلاف سیسہ پلائی دیوار کی طرح اپنی فوج کے ساتھ کھڑی ہے انہوں نے کہا کہ ہمیں آج عہد کرنا ہوگا کہ ہم جیسے اپنے گھر سے محبت کرتے ہیں ایسے ہی اپنے وطن سے کریں گے تاکہ دشمنوں کے منصوبوں کو ناکام بنایا جا سکے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے تحفظ کے لئے اپنے سیاسی اور ذاتی مفادات بھلا کر اور یک زباں ہو کر ایک بیانیہ اپنانا ہوگا۔