Live Updates

پشاور زلمی بڑی فتح حاصل کرنے میں کامیاب

پاکستان کو نیا اسپیڈ سٹار مل گیا، علی رضا نے ملتان سلطانز کی بیٹنگ لائن تہس نہس کر ڈالی

muhammad ali محمد علی ہفتہ 19 اپریل 2025 23:34

پشاور زلمی بڑی فتح حاصل کرنے میں کامیاب
راولپنڈی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 19 اپریل 2025ء ) پشاور زلمی بڑی فتح حاصل کرنے میں کامیاب، پاکستان کو نیا اسپیڈ سٹار مل گیا، علی رضا نے ملتان سلطانز کی بیٹنگ لائن تہس نہس کر ڈالی، زلمی کے نوجوان باولر کی جانب سے 4 وکٹیں حاصل کرنے کے باعث سلطانز کی پوری ٹیم ہدف کے تعاقب میں صرف 107 رنز پر پویلین لوٹ گئی، علی رضا نے 4 وکٹیں حاصل کیں، یوں پشاور زلمی پی ایس ایل 10 میں پہلی فتح حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئی، جبکہ ملتان سلطانز کو مسلسل تیسری شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

پاکستان سپر لیگ کے دسویں ایڈیشن کے نویں میچ میں پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کو کامیابی کے لیے 228 رنز کا ہدف دیا۔ راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے ملتان سلطانز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کو ترجیح دی۔

(جاری ہے)

زلمی کے بلے بازوں نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 227 رنز اسکور کیے۔

ٹام کوہلر-کیڈمورنے 52 اور محمد حارث نے 45 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ حسین طلعت 37 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ عبدالصمد 40 اور مچل اوون 34 رنز کی دھواں دار باری نے زلمی کا مجموعی اسکور 227 رنز تک پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ الزاری جوزف 5 اور لیوک ووڈ 0کے اسکور پر ناٹ آؤٹ پویلین لوٹے۔ سلطانز کی جانب سے ڈیوڈ ولی، مائیکل بریسویل اور عبید شاہ نے 2، 2 جبکہ افتخار احمد نے 1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

پشاور زلمی نے 3 تبدیلیاں کرتے ہوئے عبدالصمد، لک ووڈ اور عارف یعقوب کو اسکواڈ میں شامل کیا جب کہ ملتان سلطانز نے دو تبدیلیاں کی ہیں ،عاکف جاوید اور ایشٹن ٹرنر کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔ واضح رہے کہ پی ایس ایل 10 میں پشاور زلمی اور ملتان سلطانز اب تک کوئی بھی میچ نہیں جیت سکی ہیں، دونوں ٹیموں نے 3،3 میچز کھیلے اور دونوں کو اپنے پہلے دونوں میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

2017ء کی چیمپئن پشاور زلمی کو پہلے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 80 رنز سے شکست دی جب کہ دوسرے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے 102 رنز کے بڑے مارجن سے ہرایا۔ اسی طرح سیزن 2021ء کی فاتح ٹیم ملتان سلطانز کو اپنے پہلے میچ میں کراچی کنگز کے ہاتھوں 4 وکٹوں کی شکست کا سامنا کرنا پڑا اور دوسرے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو 47 رنز سے شکست دی۔
Live پی ایس ایل 10 سے متعلق تازہ ترین معلومات