کوشش ہے دوسرے شہروں سے بھی باکو کیلئے پی آئی اے پروازیں بحال ہوں‘ خواجہ آصف

پی ٹی آئی حکومت میں پی آئی اے کو دھچکا لگا، دنیا میں قومی ایئر لائن کیلئے دروازے بند ،ہماری حکومت آنے پربحالی کا سلسلہ شروع ہوا‘ وزیردفاع پی آئی اے کی لاہور سے باکو کیلئے پہلی پرواز روانہ،فلائٹ159سی174مسافر روانہ ہوئے ، خصوصی تقریب کا انعقاد ،تحائف دئیے گئے

اتوار 20 اپریل 2025 16:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اپریل2025ء)قومی ایئر لائنز نے آذربائیجان کے شہر باکو کیلئے پروازوں کا آغاز کر دیا، علامہ اقبال انٹر نیشنل ائیرپورٹ سے پہلی فلائٹ 159کے ذریعے 174مسافروں کو لے کر روانہ ہوگئی، پہلے مرحلے میں لاہور اور باکو کے درمیان ہفتہ وار 2 پروازیں چلائی جا رہی ہیں۔پرواز کی روانگی سے قبل لاہورایئرپورٹ کے بین الاقوامی روانگی لانج میں خصوصی تقریب ہوئی جس میں کیک کاٹا گیا۔

تقریب میں وزیر دفاع خواجہ آصف، آزربائیجان کے سفیر خضر فرہادیو، سیکرٹری ڈیفنس میجر جنرل عامر اشفاق کیانی، ڈی جی پاکستان ائرپورٹس اتھارٹی سمیر سعید سمیت ائر پورٹ مینجر لاہورنذیر خان نے خصوصی شرکت کی۔سول ایوی ایشن کی جانب سے خصوصی انتظامات کئے گئے، اس موقع پر پی آئی اے کی جانب سے باکو جانے والے مسافروں کو تحائف بھی دئیے گئے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیر دفاع خواجہ آصف کا گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لاہور سے آذربائیجان کے شہر باکو کیلئے پرواز کا آغاز ہوا، کوشش ہے دوسرے شہروں سے بھی باکو کیلئے پی آئی اے پروازیں بحال ہوں۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت میں پی آئی اے کو دھچکا لگا، دنیا میں قومی ایئر لائن کیلئے دروازے بند ہوتے جا رہے تھے، ہماری حکومت آنے کے بعد پی آئی اے کی دوبارہ بحالی کا سلسلہ شروع ہوا، امید ہے جلد برطانیہ کیلئے بھی پروازیں شروع ہوجائیں گی۔انہوںنے کہا کہ پی آئی اے کے جہازوں میں بھی اضافہ ہوگا، نئے روٹس بھی متعارف کرا رہے ہیں۔