مکالمہ کرو ہم تیار ہیں ورنہ ہم اپنے مقدر کیلئے بھی تیار ہیں اور جدوجہد کریں گے، سلمان اکرم راجہ

ریاست اور عوام کے درمیان آئین پاکستان ایک معاہدہ ہے جس کو بار بار توڑا جا رہا ہے، ہم عوام کوئی بھیڑ بکریاں نہیں ہیں، عوام کی آواز کو سننا ہوگا؛ استحکام پاکستان کانفرنس سے خطاب

Sajid Ali ساجد علی اتوار 20 اپریل 2025 17:45

مکالمہ کرو ہم تیار ہیں ورنہ ہم اپنے مقدر کیلئے بھی تیار ہیں اور جدوجہد ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 اپریل 2025ء ) پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل بیرسٹر سلمان اکرم راجہ کا کہنا ہے کہ ہم سب مل کر حق کے لیے جدو جہد کر رہے ہیں، پاکستان ایک گلدستہ ہے جس میں ہر مکتب فکر اور نسل کے افراد بستے ہیں لیکن ملک میں آئین وقانون کی حکمرانی نظر نہیں آتی، پاکستان کی ریاست اور عوام کے درمیان آئین پاکستان ایک معاہدہ ہے جس کو بار بار توڑا جا رہا ہے، حکومت کی انسان دشمن پالیسیوں کی وجہ سے عوام سڑکوں پر ہیں، آؤ ہمارے ساتھ مکالمہ کرو ہم تیار ہیں ورنہ ہم اپنے مقدر کے لیے تیار ہیں اور جدوجہد کریں گے۔

مجلس وحدتِ مسلمین کے زیر اہتمام استحکام پاکستان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس ملک میں آئین پر حملہ ہوا ہے، آج ہم سب ایک فریب زدہ نظام میں جی رہے ہیں، اس ملک کی عوام کی منشاء پر حملہ ہوا ہے، اس ملک میں انتخابات کو لوٹا گیا ہے عوام کی رائے کو عوام کی آواز کو دبایا گیا ہے، آج اس فریب زدہ نظام میں ہم حق کے قافلے کے مسافر ہیں، ہم یزیدیت کو للکار رہے ہیں، ہم حق کی خاطر نکلے ہیں اور آئندہ بھی نکلتے رہیں گے، آؤ ہمارے ساتھ مکالمہ کرو ہم تیار ہیں ورنہ ہم اپنے مقدر کے لیے تیار ہیں اور جدوجہد کریں گے کیوں کہ ہم بے بس نہیں، ہم عوام کوئی بھیڑ بکریاں نہیں ہیں، عوام کی آواز کو سننا ہوگا۔

(جاری ہے)

سیکریٹری جنرل پی ٹی آئی نے کہا کہ علامہ راجہ ناصر عباس اور صاحبزادہ حامد رضا کے ساتھ جو میں نے بلوچستان اور سندھ کا سفر کیا ہے میں نے جو ان سے سیکھا ہے وہ سالوں بیان کرتا رہوں گا ان لوگوں کی سچائی کے ساتھ لگاؤ قابل دید ہے سرمایہ ہے، بلوچستان مستونگ کے سفر میں علامہ راجہ ناصر عباس سے ایک کتاب میں نے لی ہے "کوفہ کے مسافر" اب وہ کتاب میں پڑھ رہا ہوں ہم سب آج کوفہ کے مسافر ہیں ہم قافلہ حق ہیں۔