کوٹ لکھپت جیل میں ڈاکٹر یاسمین راشد کی طبیعت پھر سے بگڑ گئی

طبیعت خراب ہونے کے باوجود سابق وزیر صحت کو سروسز ہسپتال سے واپس جیل منتقل کر دیا گیا تھا

muhammad ali محمد علی پیر 21 جولائی 2025 22:12

کوٹ لکھپت جیل میں ڈاکٹر یاسمین راشد کی طبیعت پھر سے بگڑ گئی
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 جولائی 2025ء ) کوٹ لکھپت جیل میں ڈاکٹر یاسمین راشد کی طبیعت پھر سے بگڑ گئی، طبیعت خراب ہونے کے باوجود سابق وزیر صحت کو سروسز ہسپتال سے واپس جیل منتقل کر دیا گیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق کوٹ لکھپت جیل میں قید تحریک انصاف کی سینئر خاتون رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد کی طبیعت ایک مرتبہ پھر بگڑ جانے کا انکشاف ہوا ہے۔

ڈاکٹر یاسمین راشد کے وکیل رانا مدثر ایڈووکیٹ نے انکشاف کیا ہے کہ ڈاکٹر یاسمین راشد کی جیل میں دوبارہ طبیعت خراب ہو گئی۔ ڈاکٹر یاسمین راشد کو معدے میں شدید انفیکشن ہے اور سانس لینے میں دشواری کا سامنا ہے۔ وکیل کے مطابق ڈاکٹر یاسمین راشد کو زبردستی ہفتے کے روز ہسپتال سے ڈسچارج کیا گیا، ان کے مختلف ٹیسٹ کیے گئے لیکن رپورٹس کے باوجود مکمل علاج نہیں کیا گیا۔

(جاری ہے)

انہیں ہسپتال ڈسچارج کرنے کے بعد ان کے خاندان اور وکلا کو اطلاع دیے بغیر جیل منتقل کر دیا گیا۔ رانا مدثر ایڈووکیٹ کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر یاسمین راشد کو صحت اور علاج معالجے کی بنیادی سہولیات کا حق حاصل ہے۔ اس حوالے سے پنجاب اسمبلی میں ڈپٹی اپوزیشن لیڈر معین ریاض قریشی نے یاسمین راشد کو طبی سہولیات کی فراہمی نہ کرنے پر حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور اسے افسوسناک اور غیر اخلاقی قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت ایک معمر خاتون، کینسر کے مرض میں مبتلا رہنے والی اور سابقہ وزیر صحت کو علاج سے محروم کر رہی ہے۔

ڈاکٹر یاسمین راشد فوری طبی امداد کی ضرورت ہے، ان کی نیند مسلسل متاثر ہو رہی ہے، وہ ٹھیک سے سانس نہیں لے سکتیں، حتیٰ کہ جب انہیں میڈیکل آلات دیے گئے تو رات کو لوڈشیڈنگ کے نام پر بجلی بند کر دی گئی تاکہ مشین کام نہ کرے۔ معین ریاض قریشی نے خبردار کیا کہ سیاسی انتقام کے لیے یاسمین راشد کی صحت کو مزید بگاڑنے کی اجازت دینا حکومت کے لیے پچھتاوے کا باعث بنے گا۔