یونیورسٹی آف سرگودھا کے زیر اہتمام''7ویں بین الاقوامی کانفرنس برائے پیور اینڈ اپلائیڈ میتھمیٹکس'' کا انعقاد

اتوار 20 اپریل 2025 19:00

سرگودھا -20 اپریل (اے پی پی) (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اپریل2025ء) یونیورسٹی آف سرگودھا کے شعبہ ریاضی کے زیر اہتمام''ساتویں بین الاقوامی کانفرنس برائے پیور اینڈ اپلائیڈ میتھمیٹکس (ICPAM-2025)'' کا انعقاد کیا گیا جس کے ذریعے جدید سائنسی و تکنیکی نظریات کے تبادلہ، بین الشعبہ جاتی تحقیق میں تعاون کے فروغ اور ریاضی کے شعبے میں ابھرتے ہوئے رجحانات کو سمجھنے کے لیے ایک پلیٹ فارم مہیا کیا گیا۔

دو روزہ کانفرنس میں دنیا بھر سے نامور محققین، ماہرین تعلیم اور پیشہ ور افراد نے شرکت کی جن میں ترکی، قطر، لبنان، جنوبی افریقہ، مراکش، چیک ریپبلک، سعودی عرب، رومانیہ، جنوبی کوریا، عراق، ایران اور ملائیشیا کے 21 ماہرین جبکہ پاکستان کے مختلف اعلیٰ تعلیمی اداروں سے 23 قومی مقررین شامل تھے۔

(جاری ہے)

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یونیورسٹی آف سرگودھا کے قائم مقام وائس چانسلر اور ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر مسعود سرور اعوان نے اس نوعیت کے علمی فورمز کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی علمی مکالمے، تحقیق کے فروغ اور بین الاقوامی روابط کو تقویت دینے کی اپنی روایت کو فخر کے ساتھ آگے بڑھا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سرگودھا یونیورسٹی علم و تحقیق کے تبادلے کا ایک روشن مینار بن کر علمی دنیا میں قائدانہ کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔پروفیسر ڈاکٹر مسعود سرور اعوان نے مزید کہا کہ ایسی تقریبات کے ذریعے ہم دنیا کو یہ پیغام دے رہے ہیں کہ یونیورسٹی آف سرگودھا تعلیم، تحقیق اور جدت کے میدان میں قیادت کے لیے تیار ہے۔طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے انہیں اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ یہاں سے علم کے بیج، نئی دوستیوں، تازہ خیالات اور امکانات کی نئی دنیائیں اپنے ساتھ لے کر جائیں۔

ڈین فیکلٹی آف سائنسز پروفیسر ڈاکٹر عامر علی نے اس شاندار اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ کانفرنس نہ صرف ریاضی کے فروغ میں معاون ہے بلکہ مختلف علوم کے مابین تعاون کو بڑھا کر پیچیدہ عصری مسائل کا حل تلاش کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوتی ہے۔ ریاضی کی اہمیت اب صرف روایتی دائرہ تک محدود نہیں رہی بلکہ یہ انجینئرنگ، معیشت، طبی سائنس اور ماحولیاتی مطالعہ جیسے شعبوں میں بھی کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بین الشعبہ جاتی مکالمے اور تعاون کے ذریعے ہم مؤثر تحقیق اور پائیدار حل کی راہ ہموار کر سکتے ہیں۔شعبہ ریاضی کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر محمد عباس نے بتایا کہ آئی سی پی ایم 2025 شعبے کی ان بین الاقوامی کانفرنسز کی کامیاب روایت کا تسلسل ہے جو ہر سال منعقد کی جاتی ہیں۔اس کانفرنس کا بنیادی ہدف نوجوان محققین، خاص طور پر ایم فل اور پی ایچ ڈی طلبہ کو عالمی ماہرین، جدید تحقیقاتی رجحانات اور تحقیقی طریقہ کار سے روشناس کرانا، عالمی سطح پر تحقیقی تعاون کو فروغ دینا، پالیسی سازی کے لیے سفارشات تیار کرنا اور ایسے علمی ڈھانچے وضع کرنا تھا جو ریاضی کی تحقیق کے فروغ میں معاون ہوں۔

کانفرنس میں تحقیقاتی استعداد کار بڑھانے کے لیے علم، بہترین عملی تجربات اور بین الشعبہاتی مکالمے کا تبادلہ کیا گیا۔کانفرنس کا ایک اہم پہلو مختلف شعبہ جات جیسے انجینئرنگ، طب، قدرتی علوم اور معیشت سے وابستہ ماہرین کے مابین تعاون کو فروغ دینا تھا۔اس موقع پر شرکاء کو جدید تحقیقاتی طریقوں اور نئے زاویوں سے سیکھنے کا موقع ملا تاکہ جدید دنیا کو درپیش ریاضیاتی چیلنجز کا سامنا کیا جا سکے۔کانفرنس کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی اور اس نے یونیورسٹی آف سرگودھا کی تعلیم، تحقیق اور علمی تبادلے کے میدان میں قائدانہ حیثیت کو مزید مستحکم کر دیا۔