سندھو دریا سندھی قوم کی معاشی شہ رگ ہے، جسے بند کر کے سندھی قوم کا معاشی قتل کرنے کی سازش کے خلاف سراپا احتجاج بنی ہوئی ہے،ایاز لطیف پلیجو

صدرمملکت اور وزیراعظم خود آ کر نہروں کی تعمیر کے منصوبے کو منسوخ کرنے کا اعلان کریں تاکہ سندھی قوم کی بے چینی ختم ہو،احتجاجی ریلی سے خطاب

اتوار 20 اپریل 2025 21:30

بدین (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اپریل2025ء)قومی عوامی تحریک کے سربراہ ایاز لطیف پلیجونے کہاہے کہ سندھو دریا سندھی قوم کی معاشی شہ رگ ہے، جسے بند کر کے سندھی قوم کا معاشی قتل کرنے کی سازش کے خلاف پوری سندھ سراپا احتجاج بنی ہوئی ہے۔دریا سندھ میں سے نکالی جانے والی غیر کینالز کے خلاف اتوارکوقومی عوامی تحریک کے سربراہ ایاز لطیف پلیجو کی قیادت میں نندو شہر میں ہزاروں افراد نے تھرکول بائی پاس سے بس اسٹاپ تک احتجاجی ریلی کا انعقادکیا۔

اس موقع پر جلسہ عام سے ہزاروں افراد سے خطاب کرتے ہوئے ایاز لطیف پلیجو نے کہا کہ سندھودریا سندھی قوم کی معاشی شہ رگ ہے، جسے بند کر کے سندھی قوم کا معاشی قتل کرنے کی سازش پر عمل کیا جا رہا ہے، جس کے خلاف پوری سندھ سراپا احتجاج بنی ہوئی ہے انہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام نے نہروں کے منصوبے کو مسترد کر دیا ہے، مگر حکمران اب تک نہروں کی تعمیر کے منصوبے کو ختم کرنے کا اعلان کرنے کو تیار نہیں ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مطالبہ کیا کہ صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف خود آ کر نہروں کی تعمیر کے منصوبے کو منسوخ کرنے کا اعلان کریں تاکہ سندھی قوم کی بے چینی ختم ہو، اور اس ناپاک منصوبے کی تشکیل پر سندھ کے عوام سے معافی مانگیں ایاز لطیف پلیجو نے کہا کہ سندھ کے عوام پاکستان کے خالق ہیں، مگر انہیں تیل، گیس، معدنیات، بندرگاہوں اور روزگار سے محروم رکھا گیا ہے۔

لاکھوں نوجوان ڈگریاں لے کر روزگار کے لیے پریشان ہیں۔ انہیں روزگار دینے کے بجائے ان کا پانی چھین کر چولستان کے ریگستان آباد کرنے کا فیصلہ کیا جا رہا ہے، جو سندھ کے 7 کروڑ لوگوں کے روزگار پر ناقابلِ برداشت حملہ ہے۔ یہ ایک خطرناک معاشی دہشت گردی ہے انہوں نے کہا کہ اب جدوجہد صرف نہروں کے خاتمے تک محدود نہیں رہے گی، بلکہ نوجوان اپنے تمام وسائل کی واپسی کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔

اگر سندھودریا سے نہر نکالنے کی سازش بند نہ کی گئی، تو پھر سندھ کے عوام "دمادم مست قلندر" کریں گے انہوں نے کہا کہ اوباڑو میں وکلا کا دھرنا سندھ سے محبت کا ثبوت ہے، ہم وکلا کو سلام پیش کرتے ہیں۔ سندھ کے تمام غیرت مند بیٹے، بیٹیاں، طلبہ اور بچے سراپا احتجاج ہیں، حکمرانوں کو دیوار پر لکھی تحریر پڑھ لینی چاہیے ایاز لطیف پلیجو نے مزید کہا کہ پاکستان کی اسٹیبلشمنٹ ہوش سے کام لے اور غریب، مظلوم، پاکستان کے خالق سندھی قوم کی محبت اور صبر کا اتنا امتحان نہ لے۔

اگر زیادتیاں بند نہ کی گئیں اور یہ لوگ اپنے جائز حقوق کے لیے اٹھ کھڑے ہوئے تو پھر انہیں کوئی رہنما بھی نہیں روک سکے گا اس موقع پر قومی عوامی تحریک کے رہنماؤں حسین درس، خدا دنو شاہ اور دیگر رہنماں نے بھی خطاب کیا۔