کے ای اور این ٹی ڈی سی کے درمیان انٹرکنکشن منصوبہ کراچی کو سستی بجلی کی فراہمی میں کلیدی کردار ادا کرے گا، وزیر توانائی سندھ

پیر 21 اپریل 2025 18:58

کے ای اور این ٹی ڈی سی کے درمیان انٹرکنکشن منصوبہ کراچی کو سستی بجلی ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اپریل2025ء)وزیر توانائی سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ کے الیکٹرک اور این ٹی ڈی سی کے درمیان انٹرکنکشن منصوبہ کراچی کے بجلی صارفین کو سستی بجلی کی فراہمی کے سلسلے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے آج اس حوالے سے منعقدہ ایک جائزہ اجلاس کی صدارت کے موقع پر کیا۔

اجلاس میں سی او کے الیکٹرک مونس علوی ممبر ٹیکنکل نیپرا رفیق شیخ اور ایم ڈی این ٹی ڈی سی اور محمد وسیم کے علاوہ دیگر بھی شریک تھے۔ اس موقع پر کے الیٹرک کے سی او اور نیپرا کے ممبر ٹیکنکل نے وزیر توانائی کو منصوبے میں درپیش مسائل کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کیا۔ وزیر توانائی نے اس موقع پر اجلاس کو یقین دلایا کہ سندھ اور بلوچستان کی حکومتیں منصوبے میں درپیش مسائل کو دور کرنے کیلئے ہر ممکنا تعاون کریں گی۔

(جاری ہے)

مملکت و عوام کے وسیع تر مفاد کیلئے منصوبے میں حائل تمام رکاوٹیں دور کرنے کیلئے کوشاں ہے کیوں کہ جیسے ہی یہ منصوبہ اپنی پوری صلاحیت کے ساتھ فعال ہوگا تو نیشنل گرڈ سے کراچی کو مزید سستی بجلی کی فراہمی ممکن ہوسکے گی جس سے گھریلو اور صنعتی صارفین دونوں کو فائدہ پہنچے گا۔ نومبر 2024 میں جب انٹرکنکشن کی صلاحیت 1000 میگاواٹ کی فیول لاگت میں فی یونٹ 5 روپے کی کمی کی گئی اور مجموعی طور پر 24 ارب روپے کی بچت ہوئی جو اس منصوبے کے اثرات کو واضح کرتی ہے۔

ناصر شاہ نے کہا کہ منصوبے کی تکمیل میں رائٹ آف وے زمین کے حصول کے حوالے سے جو رکاوٹیں ہیں انھیں دور کیا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ حکومت کا فوکس ایسے پائیدارا ور مشترکہ توانائی حل پر ہے جو بجلی کو سستا بنائیں، صنعتوں کی ترقی کو سہا رادیں اور طویل مدتی توانائی کی سلامتی کو یقینی بنائیں۔ یہ منصوبہ کراچی کو پاکستان کی معیشت کا مضبوط انجمن بنانے کی قومی کوششوں کا ایک اہم حصہ ہے۔