جنوبی وزیرستان، کلوشہ میں پولیس پارٹی پر حملہ، ایک دہشت گرد ہلاک ،ایک گرفتار

پیر 21 اپریل 2025 22:43

وانا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اپریل2025ء)جنوبی وزیرستان لوئر نامعلوم عسکریت پسندوں نے تھانہ اعظم ورسک کے ایس ایچ او عالمگیر اور ان کی ٹیم پر پولیو ڈیوٹی کے دوران کلوشہ کے علاقے میں حملہ کر دیا، پولیس اور عسکریت پسندوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ تقریبا 30 منٹ تک جاری رہا۔ پولیس کی جوابی کارروائی میں ایک عسکریت پسند مارا گیا جبکہ باقی حملہ آور موقعے سے فرار ہو گئے۔

ہلاک حملہ اور کی شناخت افنان ولد پیرزادہ کے نام سے ہوئی۔ اس کے قبضے سے ایک ایس ایم جی، راکٹ لانچر، دو موٹر سائیکلیں، دو شناختی کارڈز، تین اے ٹی ایم کارڈز اور ایک سمارٹ فون برآمد ہوا ہے جبکہ سرچ آپریشن کے دوران ایک حملہ اور زندہ گرفتار کرلیاگیاہے۔تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا کہ برآمد شدہ کارڈز میں سے ایک ہلاک حملہ اور کا تھا جبکہ باقی شہید کانسٹیبل عمران کے، جو عید سے قبل دہشت گردوں کے ایک حملے میں جامِ شہادت نوش کر چکے تھے۔

(جاری ہے)

شہید کانسٹیبل عمران کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی جنوبی وزیرستان میں درج کیا گیا تھا۔واقعے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی فورسز نے مزید تلاشی کا عمل شروع کر دیا ہے اور پولیو ٹیموں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے اضافی نفری اور اے پی سی روانہ کر دی گئی ہیں۔ آئی جی پی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے دلیرانہ کارروائی پر پولیس پارٹی کو شاباش دی اور انعام کا اعلان کیا۔