انجینئر امیر مقام سے گلگت بلتستان کے وزیر اعلیٰ حاجی گلبر خان کی صوبائی وزراء کے ہمراہ ملاقات

بدھ 23 اپریل 2025 17:57

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2025ء) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام سے گلگت بلتستان کے وزیر اعلیٰ حاجی گلبر خان نے بدھ کو صوبائی وزراء کے ہمراہ وزارت میں ملاقات کی۔یہاں جاری بیان کے مطابق وفد میں وزیر ایکسائز و ٹیکسیشن گلگت بلتستان رحمت خالق، وزیر زراعت گلگت بلتستان انجینئر محمد انور، وزیر جنگلات گلگت بلتستان حاجی شاہ بیگ، و دیگر شامل تھے۔

ملاقات کے دوران دیامر بھاشا ڈیم کے متاثرہ افراد کے مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے ڈیم متاثرین کے حقوق کے لئے اپنی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہمیشہ گلگت بلتستان کے عوام کے ساتھ کھڑے رہے ہیں اور ان کی ترقی کو حکومت کی اولین ترجیحات میں شمار کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف گلگت بلتستان کی ترقی و خوشحالی میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔

گلگت بلتستان کے وزراء نے انجینئر امیر مقام پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم آپ کو گلگت بلتستان کے عوام کا وفاقی سطح پر حقیقی نمائندہ سمجھتے ہیں۔وزیراعلیٰ حاجی گلبر خان نے گلگت بلتستان کے عوام کے مسائل کے حل کے لئے مسلسل کوششوں اور خلوص نیت پر وفاقی وزیر کا شکریہ ادا کیا۔