کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2025ء)جمعیت پنجابی سوداگران دہلی( جے پی ایس ڈی)کی جانب سے طلبہ کو تعلیم کے شعبے میں اعلیٰ کارکردگی پر ایوارڈ دیے گئے۔ وفاقی وزیر صحت سیدمصطفی کمال ، ترکیہ کے قونصل جنرل سمل سانگو سمیت مختلف ممالک کے اعزازی قونصل جنرل، کاروباری برادری اور بڑی تعداد میں بچوں اور والدین نے شرکت کی ۔
تفصیلات کے مطابق جمعیت پنجابی سوداگران دہلی (رجسٹرڈ) کی جانب سے صدر سعید شفیق اور ان کی ٹیم کی نگرانی میں ’’طلبہ تعلیمی اعلیٰ کارکردگی ایوارڈ تقریب 2025 ء‘‘ کا انعقاد سدا بہار لان میں کیا گیا۔ تقریب کا مقصد ممتاز طلبہ کی تعلیمی کارکردگی کو سراہنے اور ان کی حوصلہ افزائی کرنا تھا ۔جمعیت پنجابی سوداگران دہلی (رجسٹرڈ) 1948 ء میں قائم ہوئی، جو ایک معروف فلاحی ادارہ ہے اور اس کے اراکین کی تعداد 10 لاکھ سے زائد ہے۔
(جاری ہے)
جے پی ایس ڈی کی خدمات تعلیم، صحت، مالی معاونت، بیوگان و یتیموں کی کفالت، قبرستان کی دیکھ بھال اور نوجوانوں کی ترقی جیسے شعبوں میں پھیلی ہوئی ہے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر صحت سید مصطفی کمال ،قونصل جنرل ترکیہ سمل سانگو مہمان خصوصی تھے۔اعزاز ی قونصل جنرل عبداللہ ذکی ، خالد تواب، شمیم فرپو ، ابراہیم خالد تواب ،تاجر رہنما حفیظ عزیز ،جنید الرحمن اور دیگر بھی شریک تھے۔
تقریب سے اظہار خیال کرتے ہیں ترکیہ کے قونصل جنرل سمل سانگو نے کہا کہ مجھے یہاں آکر بہت خوشی ہوئی ہے ،میں ترکش عوام کی جانب سے آپ کوسلام پیش کرتا ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم ہماری بنیادی ضرورت ہے ،اسی کی وجہ سے ہمیں طاقت ملتی ہے، تعلیم دنیا کو تبدیل کرسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترکیہ اور پاکستان دونوں بردار ملک ہیں ترکیہ میں تعلیم کا تناسب 94فیصد ہے جو سب سے بڑا تناسب ہے پاکستان ترکی کا انتہائی قریبی دوست ہے ، صحت اور تعلیم کے شعبے میں ترکیہ پاکستان کے ساتھ ہے ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہم 20ہزار بچوں کو تعلیم اور ٹیکنالوجی فراہم کررہے ہیں ،اس کے علاوہ 8ہزار ٹیچرز ٹریننگ سرٹیفکیٹ جاری کیے گئے، ہم نے 200پاکستانی بچوں کو اسکالرشپ فراہم کی ہے،ترکش فاؤنڈیشن کالج لیول تک اسکالرشپ فراہم کررہا ہے، اس کے علاوہ اسپیشل چلڈرن کو اسپورٹس ، ویل چیئر سمیت دیگر چیزیں فراہم کی ہیں ۔اس موقع پر جمعیت پنجابی سوداگران دھلی کے صدر اور کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر سعید شفیق نے کہا کہ ہمیں اپنی تعلیم کو آگے لیکر جانے کے لیے اپنے سلیبس پر دھان دینا چاہیے جب تک یہ فرسودہ تعلیمی نظام رائج رہے گا اس سے تعلیم کے شعبے میں بہتری نہیں آسکتی ۔
انہوں نے کہا کہ تعلیم سے ہمیں شعور ملتا ہے تو ہی ہم اچھے فیصلے کرتے ہیں اگر تعلیم نہیں ہوگی توہم کس طرح معلومات رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت ایک مشنری ہوتی ہے جب مشنری پلانٹ ہی ٹھیک نہیں ہوگا تو اچھی پروڈکشن کیسے نکلے گی،آج میٹرک اور انٹر کے رزلٹ میں ہیرا پھیری کی باتیں ہورہی ہیں ،ہمارے بچے کیسے مقابلہ کریں گے، ہمارا اپنا تو کوئی بورڈ نہیں ہے ،ہمیں اپنے بچوں کو یہیں سے پاس کرانا ہوتا ہے۔
اس موقع پر جے پی ایس ڈی کے برادری کے کاموں میں مصروف عمل رہنما عتیق الرحمن کہا کہ میرا تعلق جمعیت پنجابی سوداگران دھلی سے ہے اور مجھے اس بات پر فخر ہے کہ ہماری برادری نہ صرف رفاحی خدمت کرتی ہے بلکہ تعلیم میں بھی ہم بہت زیادہ کام کرتے ہیں، لوگ اب جے پی ایس ڈی کو پہنچان چکے ہیں کہ یہ کوئی معمولی ادارہ نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ جس طرح دوسری برادریاں تھیلیسیمیا سے پاک ہیں ہماری برادری کی بھی تھیلیسیمیا سے پاک برادری بننے کے لیے کوششیں جاری ہیں ،اس حوالے سے آج بھی ہم نے اے ایم ٹی ایف کا کیمپ لگا یا ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری برادری میں بڑے بڑے کاروباری لوگ موجود ہیں جن میں صنعتکار ،ہول سیلر ،ٹریڈرز سب شامل ہیں، ہمیں حکومتی مدد کی ضرورت نہیں ہے ،ہمارے لوگ کئی سالوں سے خدمت خلق کررہے ہیں ۔ اس موقع پر جمعیت پنجابی سوداگران دھلی کے جنرل سیکریٹری ندیم الیاس کیمیکل والے نے کہا کہ یہ ہمارا 28واں پروگرام ہے ،ہم اپنی برادری کے بچوں کو بہترین کارکردگی پر بلاتے ہیں اور انہیں سراہتے ہیں اور ہم یہ پیغام دیتے ہیں یہ ہماری برادری کے آسمان پر چمکنے والے ستارے ہیں اور پنجابی سوداگران دھلی کی بھاگ دوڑ انہی کو سنبھالنی ہے ۔
اس حوالے سے ایڈووکیٹ جنید عاقلین نے کہا کہ آج 400 سے زائد بچوں کو ایوارڈ اور کیش پرائز دیے جارہے ہیں ،یہ ان بچوں کی محنت ہے جنہوں نے تعلیم کے شعبے میں اعلیٰ کارکردگی دکھائی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ہمارا کوئی بچہ تعلیم کے شعبے میں پیچھے نہ رہ جائے۔اس حوالے سے محمد عرفان اصلی پری نے کہا کہ اس پروگرام سے بچوں کی ہر سطح پر حوصلہ افزائی کی گئی ہے انعامات کے ساتھ کیش پرائز بھی دیے گئے ہیں تاکہ آئندہ بھی وہ اسی لگن کے ساتھ اپنی تعلیم پر توجہ دیں اور معاشرے کے اچھے شہری بنیں۔
انہوں نے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ ہم اے آئی پر کام کریں اور ایک ادارہ بنائیں یہ ہماری ضرورت ہے۔منصور سلیمان عزیز نے کہا کہ اس وقت ہمارے 4اسکول چل رہے ہیں ،4 ماہ قبل آئی ٹی کلاس بھی شروع کی ہیں اور اس سال ہم آئی ٹی کی200بچوں اور بچیوں کو آئی ٹی کورس کرائیں گے۔