بارہمولہ ، 2 نوجوان شہید ،مقبوضہ جموں وکشمیر میں جمعہ کووقف ترمیمی قانون کے خلاف ہڑتال کی جائے گی

بدھ 23 اپریل 2025 18:05

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2025ء) غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیںبھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران ضلع بارہمولہ میں دو کشمیری نوجوانوں کو ایک جعلی مقابلے میں شہید کر دیا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق فوجیوں نے نوجوانوں کو ضلع کے علاقے اوڑی میں محاصرے اور تلاشی کی ایک پرتشدد کارروائی کے دوران شہید کیا۔

دریں اثناءبھارتی پارلیمنٹ کی طرف سے منظور شدہ متنازعہ وقف ترمیمی قانون اور بڑے پیمانے پرغیرکشمیریوں کو ڈومیسائل سرٹیفکیٹس جاری کرنے کے خلاف احتجاج کے لیے جمعہ کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں مکمل ہڑتال کی جائے گی۔ ہڑتال کی کال کل جماعتی حریت کانفرنس نے دی ہے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس نے وقف قانون کو مسلم دشمن اقدام اور کشمیری اور بھارتی مسلمانوں کی سیاسی، سماجی اورمذہبی شناخت پر براہ راست حملہ قرار دیا ۔

(جاری ہے)

بیان میں”درگاہ حضرت بل اور جامع مسجد چلو“کال کا اعادہ کرتے ہوئے کشمیریوں پر زور دیا گیا کہ وہ متنازعہ علاقے میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی بھارت کی منظم کوششوں کے خلاف متحد ہو جائیں۔ پہلگام میں سیاحوں پر حملے کے عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ یہ ایک فالس فلیگ آپریشن ہے جو وقف ترمیمی قانون کے خلاف ہڑتال کی حریت کانفرنس کی کال کو ناکام بنانے اور علاقے میں زمینوں پر قبضے اور بیرونی لوگوں کو آباد کرنے کے بی جے پی کے وسیع تر ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے کیا گیا ہے۔

عینی شاہدین نے سوال اٹھایا کہ علاقے میں لاکھوں بھارتی فوجیوں کی موجودگی میں حملہ کیسے ممکن ہوا؟ادھرمبصرین کا کہنا ہے کہ یہ حملہ بھارت میں وقف ترمیمی قانون کے خلاف بڑھتے ہوئے احتجاجی مظاہروں سے توجہ ہٹانے کے لیے کیا گیا۔ بھارتی فورسز نے اسلام آباد اور وادی کشمیر کے دیگر اضلاع میں محاصرے اورتلاشی کی کارروائیوں اور گھروں پر چھاپوں کے دوران سینکڑوں نوجوانوں کو گرفتار کر لیا۔

بھارتی فورسز کے اہلکاروں نے گھروں میں گھس کر مکینوںکو ہراساں کیا اور املاک کی توڑ پھوڑ کی۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادجموں وکشمیر شاخ نے اسلام آباد میں ایک بیان میں پہلگام میں سیاحوں پر حالیہ حملے سمیت مقبوضہ جموں وکشمیر میں قتل عام کے تمام واقعات کی تحقیقات اقوام متحدہ کے زیر اہتمام جنگی جرائم کے ٹریبونل کے ذریعے کرانے کامطالبہ کیا۔بیان میں پہلگام حملے کو بھارتی فورسز کی طرف سے تحریک آزادی کشمیر اور پاکستان کو بدنام کرنے کے لیے ایک فالس فلیگ آپریشن قراردیاگیا۔