کمشنر لاہور زید بن مقصود کا گلاب دیوی ٹیچنگ ہسپتال ،میٹرو اسٹیشن چلڈرن ہسپتال کا دورہ

کمشنر لاہور نے ہسپتال میں قائم پولیو کیمپ کو چیک کیا،ریکارڈ رجسٹر سے پولیو کارکردگی کاجائزہ لیا

بدھ 23 اپریل 2025 20:23

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2025ء)کمشنر لاہور زید بن مقصود نے جاری پولیو مہم جائزہ کے حوالے سے گلاب دیوی ٹیچنگ ہسپتال اور میٹرو اسٹیشن چلڈرن ہسپتال کا دورہ کیا۔ کمشنر لاہور نے چلڈرن ہسپتال میں قائم پولیو کیمپ، ریکارڈ رجسٹر سے پولیو کارکردگی کاجائزہ لیا۔کمشنر لاہور نے کہا کہ جاری پولیو مہم میں لاہور میں 5سال کی عمر تک کے 22لاکھ 30ہزار134بچوں کو پولیو قطرے پلائے جارہے ہیں، 5825موبائیل ٹیمز، 371فکسڈ ٹیمز متحرک ہیں اور 214ٹرانزٹ پوائنٹس کو بھی ٹارگٹ کیا جارہا ہے۔

بعد ازاں کمشنر لاہور زید بن مقصود نے گلاب دیوی ہسپتال کی ایمرجنسی و انتہائی نگہداشت وارڈز کا دورہ کیا۔ انہوں نے مریضوں کیلئے واشرومز کو چیک کیا اور کانٹر انچارجز کی ورکنگ کا جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

کمشنر لاہور نے کہا کہ حکومت پنجاب شہری صحت عامہ سہولیات فراہمی کو اولین اہمیت دیتی ہے، اچانک دوروں کا مقصد شہریوں کے لئے فراہم کردہ میڈیکل سہولیات کا جائزہ لینا ہے۔

کمشنر لاہور نے والدین اور شہریوں سے اپیل کی ہے کہ انسداد پولیو مہم مستقل معزوری سے بچا کی مہم ہے، پولیو مہم کو کامیاب بنانے کیلئے ہمارا ساتھ دیں، پولیو ٹیمز کے ساتھ مکمل تعاون کریں، دو پولیو قطرے ہر بچے کیلئے ضروری ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے مستقبل کو محفوظ کرنا ہے، اپنے بچوں کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے، زندگی بھر کے پولیو مرض سے نجات بچوں کی نہیں والدین کی اولین ذمہ داری ہے۔