مکران کوسٹل ہائی وے پر ٹریفک حادثہ، 4 افراد جاں بحق ،4 شدید زخمی

بدھ 23 اپریل 2025 19:40

اوتھل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2025ء) مکران کوسٹل ہائی وے پرٹریفک حادثہ، 4 افراد موقع پر جاں بحق اور 4 افراد شدید زخمی، جاں بحق ہونے والوں میں تین کا تعلق خیبر پختونخوا اور ایک کا پنجگور (بلوچستان) اور تمام زخمیوں کا تعلق صوبہ خیبرپختونخوا سے ہے، زخمیوں کو کراچی منتقل کر دیا گیا۔تفصیلات کے مطابق ضلع لسبیلہ کی حدود میں مکران کوسٹل ہائی وے پر ایک بار پھر انسانی جانوں کا ضیاع ہوا جہاں تیز رفتاری اور غفلت کے سبب المناک حادثہ پیش آیا۔

مکران کوسٹل ہائی وے پر سب تحصیل لیاری کے مقام سپٹ کے نزدیک ٹرک اور چنگان کار کے درمیان ہونے والے خطرناک تصادم میں 4 قیمتی جانیں ضائع ہو گئیں جبکہ 4 افراد شدید زخمی ہوگئے۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور فوری امدادی کارروائیاں عمل میں لائیں۔

(جاری ہے)

زخمیوں اور جاں بحق افراد کو ERC ریسکیو ایمبولینسز کے ذریعے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال اوتھل منتقل کیا گیا۔

جہاں ڈاکٹروں نے جاں بحق افراد کی تصدیق کی اور زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی گئی۔جاں بحق افراد کی شناخت شوکت ولد شاوز خان (سکنہ ملاکنڈ، خیبر پختونخوا) ،سدھیر احمد ولد شفیع (سکنہ پنجگور(بلوچستان) وحید الرحمان ولد دوست محمد, ضیاء الرحمان ولد نور وارث خان (سکنہ تیمرگرہ، لوئر دیر، خیبر پختونخوا) کے نام سے ہوئی جب کہ زخمیوں میں زیارت خان، حمزہ، سلیمان ، احسان اللہ تمام کا تعلق خیبر پختونخوا سے ہے زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد مزید علاج کے لیے کراچی ریفر کر دیا گیا ہے۔

حادثے کے فوری بعد ریسکیو اور قانون نافذ کرنے والے ادارے جائے حادثہ پر پہنچے اور شواہد جمع کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثہ تیز رفتاری اور ممکنہ غفلت کے باعث پیش آیا۔ چنگان کار اور مخالف سمت سے آنے والے تیز رفتار ٹرک تصادم اتنا شدید تھا کہ گاڑی کے پرخچے اٴْڑ گئے اور کئی افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔جاں بحق افراد کی میتیں ضروری قانونی کارروائی کے بعد ان کے آبائی علاقوں میں منتقل کی گئیں۔