جلد "اپنا میٹر، اپنی ریڈنگ" پروگرام کا آغاز کیا جائے گا،سی ای او لیسکو انجینئر رمضان بٹ

بدھ 23 اپریل 2025 19:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2025ء) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) انجینئر رمضان بٹ نے کہا ہے کہ جلد "اپنا میٹر، اپنی ریڈنگ" پروگرام کا آغاز کیا جائے گا جس کے تحت صارفین کو ایک لنک فراہم کیا جائے گا جس کے ذریعے وہ اپنی میٹر ریڈنگ خود کرسکیں گے جسے تسلیم کیا جائے گا۔وہ بدھ کے روز لاہور چیمبر سے خطاب کر رہے تھے۔

اس موقع پر لاہور چیمبر کے صدر میاں ابوذر شاد، سینئر نائب صدر انجینئر خالد عثمان، نائب صدر شاہد نذیر چوہدری، سارک چیمبر کے نائب صدر میاں انجم نثار اور سابق صدر محمد علی میاں نے بھی اظہار خیال کیا۔ اجلاس میں ایگزیکٹو کمیٹی کے ارکان وقاص اسلم، فردوس نثار، کرامت علی اعوان، آصف ملک، احد امین ملک اور تنویر احمد بھی شریک تھے۔

(جاری ہے)

انجینئر رمضان بٹ نے کہا کہ وزیراعظم سمیت ہر شخص کو اس بات کا ادراک ہے کہ توانائی کے شعبے کی بقا، ملک کی بہتری کے لیے ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی کوششوں سے توانائی کے شعبے کی سمت درست ہو چکی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ لیسکو میں ایک ریپڈ ریسپانس فورس قائم کی گئی ہے جو خراب موسم یا دیگر وجوہات کی بنا پر ہونے والے بجلی کے تعطل کو فوری طور پر دور کرے گی۔ انہوں نے کاروباری برادری کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ طبقہ بجلی خرید کر معیشت کا پہیہ چلا رہا ہے۔

سی ای او لیسکو نے کہا کہ اووربلنگ اور اوور ریڈنگ ہرگز نہیں ہوگی،یسکو میٹر کی تبدیلی اور نئے کنکشن کی فراہمی سمیت تمام مسائل صارفین کے پاس جاکر حل کرے گا۔ انہوں نے لیسکو کے عملے کو عوامی خدمت گزار قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی ذمہ داری بلاتعطل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ لیسکو اس بات کو یقینی بنا رہا ہے کہ کسی کے خلاف بلاوجہ کارروائی نہ ہو۔

انہوں نے تسلیم کیا کہ بعض اوقات صنعتی صارفین کی لاعلمی کے باعث میٹر سے متعلق مسائل پیدا ہوتے ہیں تاہم میٹر ریڈرز کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ میٹرز کی نگرانی کریں۔لاہور چیمبر کے صدر میاں ابوذر شاد نے کہا کہ اگرچہ ایم ڈی آئی فکسڈ چارجز کا معاملہ نیپرا کے دائرہ کار میں آتا ہے تاہم اس سے صنعتی صارفین کو بھاری نقصان ہو رہا ہے، نیپرا کی نئی پالیسی کے مطابق تمام صنعتی و کمرشل صارفین کو اپنی مختص شدہ لوڈ کا کم از کم 50فیصد بل ادا کرنا ہوتا ہے چاہے ان کا استعمال کچھ بھی ہو جس سے انڈسٹری کی لاگت میں زبردست اضافہ ہو رہا ہے۔

انہوں نے لیسکو سے مطالبہ کیا کہ متعلقہ دفاتر کو فوری طور پر خطرناک وائرنگ کو ہٹانے یا محفوظ کرنے کی ہدایت دی جائے۔میاں ابوذر شاد نے کہا کہ جب میٹر خراب ہو جائے یا ٹھیک کام نہ کر رہا ہو تو لیسکو صارفین کو سالانہ اوسط کے مطابق بل بھیجتا ہے۔ انہوں نے تجویز دی کہ اوسط بلنگ گزشتہ سال کے اسی مہینے کی کھپت کی بنیاد پر کی جائے اور خراب میٹرز کی فوری تبدیلی کو ترجیح دی جائے۔لاہور چیمبر کے عہدیداران نے لیسکو کی موبائل ایپ کے اجرا کو خوش آئند قرار دیا اور مطالبہ کیا کہ اس کی کلیدی خصوصیات ممبران کے ساتھ شیئر کی جائیں تاکہ وقت کی بچت ہو اور سروس تک رسائی آسان ہو۔