پاکستان اور بوسنیا ہرزیگووینا کے درمیان دوطرفہ تعلقات باہمی احترام، مشترکہ اقدار اور دلی یکجہتی پر استوار ہیں، رانا مشہود احمد خان

ہم دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی تبادلے کودیرپا شراکت داری امن، افہام و تفہیم کیلئے ایک پل کے طور پر دیکھتے ہیں،چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام

بدھ 23 اپریل 2025 23:05

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2025ء)وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور بوسنیا ہرزیگووینا کے درمیان دوطرفہ تعلقات باہمی احترام، مشترکہ اقدار اور دلی یکجہتی پر استوار ہیں،ہم دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی تبادلے کو صرف روایت کے طور پر نہیں بلکہ دیرپا شراکت داری امن، افہام و تفہیم کیلئے ایک پل کے طور پر دیکھتے ہیں۔

بدھ کو بوسنیا ہرزیگوینا کی فلم کیو ویدا سائیدہ کی سکریننگ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیاانہوں نے کہا کہ پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے بینر تلے ہم نہ صرف بوسنیا کا قومی دن منایا بلکہ ثقافت، سینماکے فروغ میں نوجوانوں کی شمولیت کو یقینی بنایاہے ،وزیر اعظم کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے وزیراعظم یوتھ پروگرام نے نوجوانوں کو بوسنیا کی یہ فلم دکھانے کی ذمہ داری لی، یہ صرف ایک طاقتور سنیما کے تجربے کا اشتراک کرنے کے بارے میں نہیں ہے بلکہ ثقافتی تفہیم، امن کی تعمیر اور ہمیں متحد کرنے والے تعلقات کے لئے ہمارے عزم کو مضبوط کرنے کے بارے میں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بوسنیا اور ہرزیگووینا تاریخ اور خوبصورتی سے مالا مال ملک ہے،یہ تقریب پاکستان اور بوسنیا اور ہرزیگووینا کے درمیان بڑھتی ہوئی دوستی کو مزید گہرا کرنے کا موقع فراہم کرتی ہے، دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات باہمی احترام، مشترکہ اقدار اور دلی یکجہتی پر استوار ہیں، بوسنیا ہرمشکل کی گھڑی میں پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا ہے، ہمارے درمیان تعاون سے سفارتکاری، انسانی امداد اور ثقافتی تبادلوں کا فروغ ملا ہے، ہم عوام سے عوام کے رابطوں پر زیادہ زور دے رہے ہیں خاص طور پر ان کی قیادت ہمارے نوجوان کر رہے ہیں، ہم ثقافتی تبادلے کو صرف روایت کے طور پر نہیں دیکھتے ہیں بلکہ دیرپا شراکت داری امن، افہام و تفہیم کے لئے ایک پل کے طور پر دیکھتے ہیں۔

چیئرمین یوتھ پروگرام نے کہا کہ دونوں قوموں کو متحرک نوجوان آبادی سے نوازا گیا ہے، پاکستان میں ہمارے 70فیصد سے زیادہ لوگوں کی عمریں 30سال سے کم ہیں، اسی طرح بوسنیا میں آبادی کا ایک تہائی سے زیادہ حصہ نوجوان افراد پر مشتمل ہے جو توانائی، تخلیقی صلاحیتوں سے بھرپور ہیں۔انہوں نے کہا کہ سراجیوو اور اسلام آباد دونوں میں نہ صرف اپنے اپنے ممالک کا مستقبل تشکیل دے رہے ہیں بلکہ عالمی شہری، اختراع کار اور امن ساز بھی بن رہے ہیں، جو چیز انہیں متحد کرتی ہے وہ ان کی لچک، ان کی سیکھنے کی طلب اور ایک بہتر دنیا کی تعمیر کیلئے ان کی اٹل امید ہے، میڈیا کا ثقافتی مکالمے کو فروغ دینے میں کردار انمول ہے، امن، تعاون اور افہام و تفہیم کے پیغامات پھیلانے میں میڈیا کا کردار اہم ہے۔

انہوں نے کہاکہ یہ ایسا موقع ہے جو ہماری ثقافتوں، تاریخوں اور نسلوں کو ایک دوسرے کے قریب لاتا ہے۔انہوں نے بوسنیا اور ہرزیگووینا کے سفارتخانے، پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس، وزیراعظم یوتھ پروگرام کی ٹیم اور دیگر شراکت داروں کا شکریہ ادا کیا ۔