Live Updates

ہسپتالوں پر مریضوں کا بوجھ کم کرنے کا واحد حل ٹیلی میڈیسن، ملک بھر میں صحت سہولیات تک رسائی یقینی بنانے کےلیے اقدامات کر رہے ہیں، وفاقی وزیر مصطفیٰ کمال

جمعرات 24 اپریل 2025 12:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2025ء) وفاقی وزیر برائے صحت مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ ہسپتالوں پر مریضوں کا بوجھ کم کرنے کا واحد حل ٹیلی میڈیسن ہے، ملک بھر میں صحت سہولیات تک رسائی یقینی بنانے کےلیے تمام ممکن اقدامات کر رہے ہیں۔ جمعرات کو وزارت صحت سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان میں یونیسف کے نمائندے عبداللہ فاضل سے گفتگو کے دوران کیا۔

عبداللہ فاضل نے وزیر صحت کو یونیسف کے اہم اقدامات بارے آگاہ کیا اور حفاظتی ٹیکوں، غذائیت، ڈیجیٹل ہیلتھ پر بھی بات چیت کی گئی اس کے علاوہ ہنگامی حالات سے نمٹنے کی تیاری جیسے صحت کے اہم شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے بارے تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر صحت نے کہا کہ ریفرل سسٹم اور بنیادی مراکز صحت کے فقدان کی وجہ سے بڑے ہسپتالوں پر مریضوں کا بوجھ بہت زیادہ ہے جسے کم کرنے کا واحد حل ٹیلی میڈیسن ہے۔

(جاری ہے)

مصطفٰی کمال نے کہاکہ وہ دن دور نہیں جب ڈاکٹرز اور دوا کی رسائی عوام کی دہلیز پر میسر ہو گی ، ملک بھر میں صحت سہولیات تک رسائی یقینی بنانے کےلیے تمام ممکن اقدامات کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں مریضوں کے میڈیکل ریکارڈ کو محفوظ بنانے کے لیے مربوط پالیسی پر تیزی سے کام جاری ہے، نادرا کے اشتراک سے اب ہر شہری کا شناختی کارڈ نمبر ایم آر نمبر ہو گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارا واسطہ اور تعلق اللہ کی پیاری مخلوق سے ہے جو تکلیف میں ہم سے رابطہ کرتی ہے، مخلوق خدا کی تکلیف کم کرنے کے لئے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔\932
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات