Live Updates

ریجنل انٹر ڈسٹرکٹ انڈر 19ون ڈے ٹورنامنٹ آج سے شروع

ٹورنامنٹ میں 264میچز ہوں گے ،1600سے زیادہ کھلاڑی حصہ لیں گے

جمعرات 24 اپریل 2025 17:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2025ء)ریجنل انٹر ڈسٹرکٹ انڈر 19ون ڈے ٹورنامنٹ آج (جمعہ )25اپریل سے شروع ہوگا جس میں 110ضلعی/زونل ٹیمیں ملک بھر میں 264میچوں میں حصہ لیں گی۔ ٹورنامنٹ 50اوورز کے ریڈ بال میچز پر مشتمل ہوگا۔ایونٹ میں 1,600سے زائد انڈر 19کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کا موقع ملے گا جو پاکستان کرکٹ بورڈ کے پاتھ ویز ڈیولپمنٹ پروگرام کا حصہ ہے۔

ٹورنامنٹ 25اپریل کو ایبٹ آباد، آزاد جموں و کشمیر (اے جے کی)، بہاولپور، ڈیرہ مراد جمالی، اسلام آباد، کراچی، لاہور، ملتان، پشاور اور سیالکوٹ میں شروع ہوگا۔باقی چھ ریجنز بشمول کوئٹہ، فاٹا، راولپنڈی، فیصل آباد، لاڑکانہ اور حیدرآباد میں انٹر ڈسٹرکٹ انڈر 19ٹورنامنٹ بالترتیب 26، 29اپریل، 2، 5، 10، 15مئی کو شروع ہوگا۔

(جاری ہے)

فیصل آباد، فاٹا، کوئٹہ، راولپنڈی اور سیالکوٹ ریجنز کی ضلعی ٹیموں کو دو پول میں تقسیم کیا گیا ہے جہاں ہر ریجن کے فاتح کا تعین ہر پول کی سرفہرست ٹیموں کے درمیان فائنل میچ کے ذریعے کیا جائے گا۔

بقیہ 11ریجنز میں ہر ریجن میں ٹیبل پر سرفہرست ضلعی ٹیم کو فاتح قرار دیا جائے گا۔ 2025میں پی سی بی نے تین اضلاع خوشاب، ٹوبہ ٹیک سنگھ (فیصل آباد ریجن)اور لکی مروت (فاٹا ریجن) کو ٹیلنٹ اسکاٹنگ کی رسائی کو بڑھانے اور ملک کے دور دراز علاقوں کے کھلاڑیوں کو مزید مواقع فراہم کرنے کے لیے کھیلنے کے حقوق سے نوازا ہے۔پی سی بی ریجنل انٹر ڈسٹرکٹ انڈر 19ٹورنامنٹ میں ٹاپ پرفارمرز کو اس سال کے آخر میں انڈر 19ریجنل ڈیولپمنٹ اکیڈمیز اور انٹر ریجنل انڈر 19ٹورنامنٹ میں اپنی متعلقہ علاقائی ٹیموں کی نمائندگی کرنے کا موقع ملے گا۔پاکستان کرکٹ بورڈ ریجنل انڈر 19سرگرمی کے بعد انڈر 19چمپئن شپ بھی متعارف کرائے گا۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات