بلوچستان میں دیگر صوبوں کی نسبت کپاس کی پیداوار بہت بہتر ہے، علی حسن زہری

بلوچستان میں کپاس کے بیج کی پیداوار بڑھانے ،ملکی معیشت مستحکم کرنے کیلئے بلوچستان میں کپاس کی سیڈ انڈسٹری کا ہونا اہمیت کا حامل ہے،وزیر زراعت بلوچستان

جمعرات 24 اپریل 2025 18:10

کوئٹہ+اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2025ء) ترجمان صدر مملکت آصف علی زرداری برائے بلوچستان ، وزیر زراعت بلوچستان میر علی حسن زہری نے وفاقی وزرات فوڈ اینڈ ریسرچ کی جانب سے منعقد چوبیسویں فیڈرل کمیٹی برائے ایگریکلچر میں شرکت کی جسکی صدارت وفاقی وزیر برائے فوڈ اینڈ ریسرچ جناب رانا تنویر نے کی۔صوبائی وزیر زراعت میر علی حسن زہری نے کہا کہ بلوچستان کو بیج ، کھاد اور پانی جیسے ضروری زرعی ،وسائل بروقت اور مناسب مقدار میں فراہم کیے جائیں،بلوچستان میں بیج سے متعلق بہت سے مسائل ہیں لہٰذا میں وفاق سے گزارش کرتا ہوں کے بلوچستان کو سیڈ کارپوریشن بنانے میں مدد کرے ، بلوچستان میں جتنے بھی نیشنل پروگرامس تھے چاہے وہ چاول ،گندم ،آئل سیڈ شوگر کین ،واٹر مینجمنٹ کے ہوں وہ سارے بند ہو چکے ہیں ، لہٰذا ان پروگرامس کی بحالی کو فوری یقینی بنایا جائے ۔

(جاری ہے)

، میر علی حسن زہری نے کہا کہ بلوچستان میں کھاد کا کوٹہ کم ہونے کے ساتھ ساتھ مختلف ضلعوں میں ڈیلرشپ بھی موجود نہیں لہذا اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ کھاد کا کوٹا صوبے کے رقبے کے لحاظ سے مختص کیا جائے اور ہر ضلع میں کھاد کی ڈیلرشپ کی اجازت ہو۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں دیگر صوبوں کی نسبت کپاس کی پیداوار بہت بہتر ہے اور جرمینیشن پرسنٹیج 95 فیصد تک ہے اس لیے میں سمجھتا ہوں کے بلوچستان میں کپاس کے بیج کی پیداوار بڑھانے اور ملکی معیشت کو مستحکم کرنے کے لئے بلوچستان میں کپاس کی سیڈ انڈسٹری کا ہونا اہمیت کا حامل ہے اسکے ایگرو پروسسنگ یونٹس کو مضبوط بنا کر پیداوار کے ضیاع کو کم اور مارکیٹ تک رسائی کو بہتر بنایا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان جدید زرعی اقدامات کے فروغ کے لیے پر عزم ہے جن میں شہید محترمہ بینظیر بھٹو زرعی انقلاب ,سان کارڈ اور موسمیاتی لحاظ سے ہم آہنگ زراعت شامل ہے میں وفاقی کمیٹی سے رہنمائی ، تعاون اور مکمل حمایت کی درخواست کرتا ہوں تاکہ بلوچستان کی زرعی صلاحیتوں کو قومی تحفظ کے لیے بروئے کار لایا جا سکے ،میر علی حسن زہری نے کہا کہ صوبے میں بجلی سے چلنے والی بقیہ ٹیوب ویل کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے میں سہولت فراہم کی جائے اس موقع پر مختلف صوبوں سے صوبائی وزرا ، سیکرٹریز نے بھی شرکت ، میر علی حسن زہری کے ہمراہ اسپیشل سیکرٹری انیس طارق گورگیج بھی موجود تھے۔