Live Updates

بھارت کو پاکستان پر جارحیت مسلط کرنے کی قیمت چکانا پڑیگی، پاکستانی قوم مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ،سپیکر قومی اسمبلی

جمعرات 24 اپریل 2025 22:45

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2025ء)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کو پاکستان پرجارحیت مسلط کرنے کی قیمت چکانا پڑے گی، پاکستان کبھی بھی اپنی سالمیت اور خود مختاری پر سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ جمعرات کو اپنے ایک خیر مقدمی بیان میں سپیکرقومی اسمبلی نے کہاکہ ملک کیاہم ترین فورم پر پاکستان کے بنیادی قومی مفادات کے تحفظ کو یقینی بنایا گیا، سندھ طاس معاہدے کو کسی صورت یکطرفہ طور پر ختم نہیں کیا جا سکتا، ورلڈ بینک نے سندھ طاس معاہدے کی ضمانت دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کو پاکستان پر آبی جارحیت مسلط کرنے کی قیمت چکانا پڑے گی، پاکستان معاہدے کے مطابق اپنے حصے کا پانی موڑنے یا روکنے کی قطعی اجازت نہیں دے گا۔

(جاری ہے)

سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج کسی بھی قسم کی جارحیت یا مس ایڈونچر کا بھرپور جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے، پاکستانی قوم اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، پہلگام واقعہ کی آڑ میں بھارتی یکطرفہ اقدامات ناقابل قبول ہیں، بغیر تحقیق کے پاکستان پر واقعہ کا الزام لگانا انتہائی افسوناک اور تعصب پر مبنی فیصلہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کبھی بھی اپنی خودمختاری اور سالمیت پر سمجھوتہ نہیں کرے گا، سرحدوں کے تحفظ اور دفاع کیلئے پاکستان ہمہ وقت تیار ہے، پاکستان کی پارلیمنٹ اور عوام پوری طرح ان فیصلوں کے پیچھے کھڑی ہے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات