Live Updates

فریال تالپور نے کینالز پر کام روکنے اور سی سی آئی اجلاس بلانے کو قومی یکجہتی، آئینی بالادستی اور سندھ کے عوامی جدوجہد کی فتح قراردے دیا

جمعرات 24 اپریل 2025 22:55

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2025ء)پاکستان پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کی مرکزی صدرفریال تالپور نے کینالز پر کام روکنے اور سی سی آئی اجلاس بلانے کو قومی یکجہتی، آئینی بالادستی اور سندھ کے عوامی جدوجہد کی فتح قرار دے دیا. ایک بیان میں فریال تالپور نے کہا ہے کہ آج کا دن پاکستان کی وفاقی وحدت، آئین کی بالادستی، اور کسانوں کے حق کی فتح کا دن ہے، بلاول بھٹو زرداری کی اصولی قیادت اور سندھ کے عوام کے پرامن احتجاج نے یہ ثابت کر دیا کہ جب موقف سچا اور نیت صاف ہو تو حکومت کو عوام کی بات سننا پڑتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کا نئے کینالز پر کام روکنے کا اعلان اور 2 مئی کو سی سی آئی اجلاس بلانے کا فیصلہ ایک دانشمندانہ قدم ہے، وزیر اعظم کا موقف جمہوری روایت کو مضبوط کرنے، صوبائی خودمختاری کو تسلیم کرنے، اور آئینی اداروں کو فعال کرنے کی طرف ایک خوش آئند قدم ہے۔

(جاری ہے)

فریال تالپور نے کہا کہ وفاقی ڈھانچے کی مضبوطی کے لئے تمام عوام کے مابین وسائل کی منصفانہ اور شفاف تقسیم ناگزیر ہے، ہم نے ہمیشہ کہا کہ سندھ کے پانی کے حق پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہوگا اور الحمدللہ آج ہماری بات سنی گئی۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے مسلسل بین الصوبائی مساوات، پانی کی منصفانہ تقسیم اور آئینی دائرہ کار کے اندر رہتے ہوئے فیصلوں پر زور دیا ہے، پاکستان پیپلز پارٹی کسانوں، مزدوروں، خواتین اور پسماندہ طبقات کی نمائندہ جماعت ہے، اور ہمیشہ آئینی طریقے سے عوام کے حقوق کا دفاع کرے گی۔نہوں نے کہا کہ تمام سیاسی قوتوں، سول سوسائٹی، اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے اس اہم قومی مسئلے پر پیپلز پارٹی کا ساتھ دیا۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات