Live Updates

پاکستانی فضائی حدود کی بندش، بھارتی ائر لائنز کو بھاری نقصان کا سامنا

بھارت کو طویل دورانیہ کی پروازیں مختلف ملکوں کے متبادل ائیرپورٹس پر اتارنا پڑیں جبکہ کئی پروازوںکا رخ موڑنا پڑا،پاکستان کی فضائی حدود کی اچانک بندش سے بھارتی ائیر لائنز کو ہنگامی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 25 اپریل 2025 10:37

پاکستانی فضائی حدود کی بندش، بھارتی ائر لائنز کو بھاری نقصان کا سامنا
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25اپریل 2025)پاکستان کی جانب سے فضائی حدود کی بندش کے بعد بھارتی ائر لائنز کو بھاری نقصان پہنچ گیا،بھارت کو طویل دورانیہ کی پروازیں مختلف ملکوں کے متبادل ائیرپورٹس پر اتارنا پڑیں جبکہ کئی پروازوںکا رخ موڑنا پڑا،پاکستان کی فضائی حدود کی اچانک بندش سے بھارتی ائیر لائنز کو ہنگامی صورتحال کا سامنا ہے،میڈیا رپورٹس کے مطابق عمان سے آنے والی پرواز کو اضافی فیول کیلئے احمد اباد ائیرپورٹ پر اترا۔

ٹورنٹو سے آنے والی پرواز کو ری فیولنگ کیلئے کوپن ہیگن میں اتارا گیا۔ پاکستانی وقت کے مطابق جمعرات کو شام6 بجے بھارتی طیاروں کیلئے پاکستان کی فضائی حدود بند کی گئی تو شارجہ سے انڈیگو ائیر کی پرواز 6 ای 1428 ایران میں تربت کے قریب پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہونے والی تھی مگر نوٹم جاری ہونے کے بعد پرواز کا رخ موڑ دیا گیا۔

(جاری ہے)

طیارہ خلیج آف عمان کے اوپر سے گزرتے ہوئے اضافی فیول کیلئے احمد آباد ائیرپورٹ پر اترا۔

اسی طرح ٹورنٹو سے ائیر انڈیا کی پرواز اے آئی 190 کو بھی ری فیولنگ اور عملے کے آرام کیلئے کوپن ہیگن میں اتارنا پڑا۔خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان نے بھارتی طیاروں کیلئے پاکستانی فضائی حدود اور واہگہ بارڈر بند کرنے اوربھارت کے ساتھ شملہ معاہدہ بھی منسوخ کرنے کااعلان کیا تھا۔پاکستان نے بھارتی ہائی کمیشن کے عملے کی تعداد 30 افراد تک محدود کرنے اور دفاعی، فضائی و بحری مشیروں کو ناپسندیدہ قرار دے کر ملک چھوڑنے کا حکم بھی دیا گیاتھا۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہونے والے اہم قومی سلامتی کونسل کے اجلاس کا باضابطہ اعلامیہ جاری کیاگیاتھا۔جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق واہگہ بارڈر کو فوری طور پر بند کر دیا گیا تھا جبکہ بھارت کے ساتھ تمام تجارتی روابط اور بھارتی ایئرلائنز کیلئے پاکستانی فضائی حدود بند کر دی گئی تھی۔پاکستان، بھارت کی طرف سے سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنے کے اعلان کو سختی سے مسترد کرتا ہے اور خبردارکیاگیاتھا کہ پانی کی روانی میں کسی بھی رکاوٹ کواعلان جنگ تصور کیا جائے گا جس کا ہر سطح پر مکمل جواب دیا جائے گا۔

اس کے ساتھ ساتھ سارک ویزہ سکیم کے تحت جاری بھارتی شہریوں کے ویزے، سکھ یاتریوں کے سوا، منسوخ کر دئیے گئے تھے۔ بھارتی ہائی کمیشن کے عملے کی تعداد 30 افراد تک محدود کرنے اور دفاعی، فضائی و بحری مشیروں کو ناپسندیدہ قرار دے کر ملک چھوڑنے کا حکم بھی جاری کر دیا گیا تھا۔قومی سلامتی کمیٹی نے واضح کیا تھاکہ پہلگام واقعے کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کرنا بھارت کی گھٹیا سوچ کی عکاسی تھا۔

بھارت کا کشمیر پر قبضہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی تھی۔ اعلامیے میں کلبھوشن یادیو کو بھارت کی ریاستی دہشتگردی کا زندہ ثبوت قرار دیا گیاتھا۔قومی سلامتی کمیٹی نے بھارت کی اشتعال انگیزیوں کو دو قومی نظرئیے کی سچائی سے تعبیر کرتے ہوئے اعلان کیا کہ پاکستان ہر حال میں اپنی قومی سلامتی کا دفاع کرے گا۔پاکستان نے سندھ طاس معاہدے کے اعلان کو مسترد کردیا اور کہا تھا کہ اگر پاکستانی ملکیت کے پانی کا بہاو روکا گیا تو اسے جنگی اقدام سمجھا جائے گا۔

قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس نے سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے کا بھارتی یکطرفہ اعلان مسترد کر دیاگیاتھا۔ پانی پاکستان کا اہم قومی مفاد ہے اور 24کروڑ پاکستانیوں کی لائف لائن ہے۔ پاکستان اپنی لائف لائن کا ہر قیمت پر تحفظ کرے گا۔ پاکستان کی ملکیت کے پانی کا بہاو روکا گیا یا پانی کا بہاو موڑا گیا تو اس کو اس جنگ کا اقدام سمجھا جائے گا۔

Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات