بھارت کی جانب سے پاک فوج کے خلاف بے بنیاد الزامات لگانا اور عوام کو گمراہ کرنا قابل افسوس ہے،خورشید میرانی

جمعہ 25 اپریل 2025 17:50

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2025ء)پاکستان مسلم لیگ (ن)سکھر کے صدر خورشید میرانی نے بھارت کی جانب سے جاری جھوٹے پروپیگنڈے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے پاک فوج کے خلاف بے بنیاد الزامات لگانا اور عوام کو گمراہ کرنا قابل افسوس ہے۔خورشید میرانی نے کہا کہ بھارت نے حالیہ بھلگام واقعے کو بنیاد بنا کر خطے میں بدامنی پھیلانے کی کوشش کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارت نے غیر ملکی سیاحوں کے قتل سے متعلق جھوٹی خبریں پھیلائیں، جبکہ سیاحوں نے خود آ کر اس بات کی تصدیق کی کہ وہ زندہ اور محفوظ ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں پریس کانفرنس کے دوران کیا ، کانفرنس کے دوران انہوں نے الزام عائد کیا کہ آرمی چیف کی حالیہ اہم تقریر کے بعد بھارت نے من گھڑت باتوں کا سلسلہ تیز کر دیا ہے تاکہ پاک فوج کو بدنام کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ بھارت افغانستان کے ساتھ مل کر پاکستان میں دہشتگردی پھیلانے میں ملوث ہے اور درحقیقت خطے کا اصل دہشتگرد بھارت خود ہے۔خورشید میرانی نے سندھ طاس معاہدے کے تناظر میں بھارت کے ممکنہ اقدامات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اگر بھارت نے اس معاہدے کو ختم کرنے کی کوشش کی تو پاکستان کے قریبی دوست ملک چین سے رابطہ کر کے بھارت کے پانی کو بند کرایا جا سکتا ہے۔

پریس کانفرنس کے دوران خورشید میرانی نے وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے کئنالز منصوبے کی معطلی کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے گزشتہ روز ایک اہم پریس کانفرنس کے ذریعے واضح طور پر اعلان کیا کہ یہ منصوبہ فی الحال روک دیا گیا ہے۔اس موقع پر خورشید میرانی نے انکشاف کیا کہ پاکستان مسلم لیگ نون سندھ کے صدر بشیر میمن نے دھرنے کے رہنما عامر نواز وڑائچ کو وزیر اعظم کا خصوصی پیغام پہنچایا تھا۔

اس پر عامر نواز وڑائچ نے بشیر میمن سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ مسئلے کو بات چیت کے ذریعے پرامن انداز میں حل کیا جا سکتا ہے۔خورشید میرانی نے اختتام پر کہا کہ پاکستان مسلم لیگ نون ملک میں امن، استحکام اور جمہوری اقدار کی پاسداری پر یقین رکھتی ہے، اور کسی بھی بیرونی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔