Live Updates

ژ*نادرا اور محکمہ بلدیات کے درمیان ڈیجیٹل گورننس کے فروغ کیلئے اہم پیشرفت

جمعہ 25 اپریل 2025 20:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 اپریل2025ء) سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب شکیل احمد میاں سے ڈی جی نادرا پنجاب نے ملاقات کی جس میں ڈی جی لوکل گورنمنٹ احمد کمال مان بھی شریک ہوئے۔ ملاقات میں نادرا اور محکمہ بلدیات کے درمیان ڈیٹا شیئرنگ میکانزم کو مزید مؤثر بنانے پر اتفاق رائے ہوا۔ اس اہم نشست کے دوران لاہور کی یونین کونسل سے ڈیجیٹل نکاح نامے کا پائلٹ پراجیکٹ شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

ابتدائی مرحلے میں لاہور کے نکاح خواں کی باقاعدہ رجسٹریشن کی جائے گی تاکہ نکاح کے ریکارڈ کی درستگی، شفافیت اور مؤثر نگرانی کو یقینی بنایا جا سکے۔ڈی جی نادرا نے کہا کہ نادرا اور لوکل گورنمنٹ کی مشترکہ کوششوں سے ڈیجیٹل نکاح نامے جیسے عوامی سہولت کے منصوبوں کا آغاز کیا جا رہا ہے، جو ڈیجیٹل پاکستان کے ویڑن سے ہم آہنگ ہے۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں، موجودہ 21 یونین کونسلز میں دستیاب نادرا خدمات کو 100 یونین کونسلز تک توسیع دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔

شکیل احمد میاں کے مطابق، یونین کونسل کی سطح پر شناختی دستاویزات کی فراہمی ایک عوام دوست قدم ہیاور وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویڑن کے مطابق یونین کونسلز میں شہری سہولیات کی بہتری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔وائٹل ایونٹس (پیدائش و اموات) کی رجسٹریشن کے لیے بھی ایک بڑا قدم اٹھاتے ہوئے اعلان کیا گیا کہ موبائل ایپ کا پائلٹ پراجیکٹ ضلع چکوال سے شروع کیا جائے گا۔

مزید یہ کہ ہسپتالوں میں برتھ و ڈیتھ رجسٹریشن کے لیے محکمہ صحت، نادرا اور لوکل گورنمنٹ کے مابین ٹرائی پارٹی معاہدہ کیا جائے گا، جس کے تحت یونین کونسل سیکرٹریز کو ہسپتالوں سے براہ راست ڈیٹا تک رسائی حاصل ہو گی۔ سیکرٹری بلدیات نے کہا کہ ‘‘شہریوں کی سہولت کے لیے ڈیجیٹل سسٹمز کو فروغ دیا جا رہا ہے اور رجسٹریشن سسٹم کو مزید مؤثر بنانے کے لیے وسیع تربیتی پروگرامز بھی شروع کیے جائیں گے۔’’یہ اقدامات حکومت پنجاب کی جانب سے ڈیجیٹل گورننس، شفافیت اور عوامی خدمات میں بہتری کے لیے کیے جانے والے عملی اقدامات کا مظہر ہیں۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات