Live Updates

مودی اور جے شنکر سن لیں ہم مقبوضہ کشمیر کو آزاد کریں گے،وزیراطلاعات

ہمارا ماضی شاندار تمہارا ماضی ظلم اور جہل سے عبارت، ہمارا حال جدوجہد اور تمہارا حال مکروفریب کا شاخسانہ ہے پاکستان کے ساتھ ہمارا ایمان و روح کا رشتہ ، قومی سلامتی کمیٹی کے اعلامیے کے ساتھ کھڑے اورمکمل حمایت کرتے ہیں تمام عصبیتوں کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ملک و ملت کی حفاظت اور بھارت کے ظلم کے خلاف اپنا لہو دینے سے گریز نہیں کریں گے،مولانامحمدمظہرسعیدشاہ

ہفتہ 26 اپریل 2025 13:55

نیلم(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2025ء)وزیر اطلاعات آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر مولانا پیر محمد مظہر سعید شاہ نے کہا ہے کہ مودی اور جے شنکر سن لیں ہم نہ صرف اپنی سرحدوں کی حفاظت کریں گے بلکہ مقبوضہ کشمیر کو بھی آزاد کریں گے،ہمارا ماضی شاندار تمہارا ماضی ظلم اور جہل سے عبارت، ہمارا حال جدوجہد اور تمہارا حال مکروفریب کا شاخسانہ ہے،ہمارا مستقبل منور ہے اور تمہارا مستقبل شکست سے دوچار ہے،مقبوضہ وادی میں بھارت خودساختہ پہلگام واقعے کے ذریعے پاکستان کو کشمیر کی وکالت کرنے اور کشمیریوں کو تحریک آزادی چلانے کی سزا دینے کے در پے ہے،پاکستان کے ساتھ ہمارا ایمان اور روح کا رشتہ ہے، قومی سلامتی کمیٹی کے اعلامیے کے ساتھ کھڑے ہیں اور اس کی مکمل حمایت کرتے ہیں،لائن آف کنٹرول کے عوام بھارت کے کسی بھی اقدام سے مرعوب نہیں ہوں گے اور بطور قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ دشمن کو منہ توڑ جواب دیں گے، ہم نے ماضی میں بھی ملکی سرحدوں کی حفاظت کیلئے فرنٹ لائن پر پاک فوج کے ساتھ بھارتی جارحیت کا مقابلہ کیا ہے آج بھی قومی سلامتی کمیٹی کے اعلامیے کے ساتھ کھڑے ہیں، تمام عصبیتوں کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ملک و ملت کی حفاظت اور بھارت کے ظلم کے خلاف اپنا لہو دینے سے گریز نہیں کریں گے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار وزیر اطلاعات پیر مظہر سعید شاہ نے ملین سمائلز فاونڈیشن غنی اینڈ طیب ہمالیہ پبلک سکول صبہائی کیمپس کی سالانہ تقریب تقسیم اسناد میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہماری نسل ہمارا مستقبل ہیں اپنی نسل کو شجاعت اور حکمت کا درس دیں۔ہمارے ان ننھے بچوں اور بچیوں کا جوش وخروش اور علم کی تڑپ جہاں مستقبل میں ہماری ثقافت، روایات اور شناخت کی بقاء کی ضامن ہیں وہی پر یہ اپنے اسلاف کی طرح ملک و ملت کیلئے فدا رہنے کیلئے پر عزم ہیں۔

سکول انتظامیہ اور خو فاونڈر ملین سمائل فاونڈیشن ذیشان افضل مبارکباد کی مستحق ہے کہ انہوں نے نیلم ویلی کے اس پسماندہ علاقے صبہائی میں علم کی شمع جلائی جو غار حرا میں ''اقراء '' کی وحی کے ساتھ منور ہوئی اور پھرپوری دنیا سے جہالت کا خاتمہ کیا۔ جس طرح ماضی میں ہمارے اسلاف نے نظریاتی سرحدوں اور زمینی سرحدوں کی حفاظت کی ہمارے یہ بچے مستقبل میں ان نظریات اور زمین کی حفاظت کیلئے تیار ہیں۔

آج کے ہمارے یہ بچے اپنے اسلاف اور شہداء کشمیر اور پاک فوج کے شہیدوں کی طرح اپنی قوم اور ملک کا علم سربلند رکھیں گے۔ طلبہ نے کسی بھی حال میں علم کی شمع روشن کرنے اور انڈیا کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھنے کا عزم کیا۔انہوں نیکہا کہ نہ علم کی روشنی کو بجھنے دیں گے اور نہ ہی غیرت، حمیت اور جہاد کے جذبے کو سر ہونے دیں گے۔ ہم پہاڑوں کے رہنے والے اسلام کے فرزند وحدت اسلام کے تصور کو زندہ کریں گے۔

ظالموں کو ناکے چنے چبوائیں گے۔ انڈیا کی آبی دہشتگردی کو نہیں چلنے دیں گے۔ کیمرے کے پیچھے چھپے مکر وفریب اور نقاب کو اتار پھینکیں گے اور اصل چہرہ دنیا پر آشکار کریں گے۔ مقبوضہ کشمیر اور ہندوستان کے مسلمان وقف بل کے بعدسیکولر ازم کے پیچھے انڈیا کا چھپا چہرہ بے نقاب ہو چکا ہے۔ناگا پور میں لوگ مودی سے حقوق مانگ رہے ہیں منی پور میں کرسچن کمیونٹی کے سینکڑوں گرجا گھر جلائے پوری کمیونٹی سڑکوں پر ہے۔خالصتان کے سکھ بھی تم سے تنگ ہیں۔ 30 کروڑ دلت اور 10 کروڑ عادی واسی بھی انڈیا کے خلاف ہو چکے ہیں۔ اب ظلم و ستم کا دور ختم ہو گا اور عدل و انصاف کا پرچم سر بلند ہو گا۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات