چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ کا وہاڑی کا دورہ

سابقہ بیوی کو قتل کرنے کی کوشش ناکام بنانے والے زخمی پولیس کنسٹیبلان ،متاثرہ خاتون سے ملاقات

ہفتہ 26 اپریل 2025 15:05

وہاڑی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2025ء)پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی کی چیئرپرسن و رکن پنجاب اسمبلی حنا پرویز بٹ نے وہاڑی کا خصوصی دورہ کیا۔ اپنے دورے کے دوران انہوں نے سابقہ بیوی کو قتل کرنے کی کوشش ناکام بنانے والے زخمی پولیس کنسٹیبلان اور متاثرہ خاتون رمشا شہزادی سے ملاقات کی، جو حالیہ فائرنگ کے افسوسناک واقعے میں شدید زخمی ہوئی تھیں۔

اس موقع پر چیئرپرسن نے میلسی میں دورانِ ڈیوٹی زخمی ہونے والے پولیس کانسٹیبلز محمد ظہور (C/1180)اور بلال حسین (C/990)کی عیادت بھی کی، جو رمشا شہزادی کی حفاظت کے دوران حملے کا نشانہ بنے۔ محترمہ حنا پرویز بٹ نے خاتون کی جان بچانے پر اور پولیس کی اس بروقت کاروائی پر شاباش دی۔ ملزم طارق کی بیوی رمشا شہزادی نے اپنے خاوند کے خلاف تنسیخ نکاح کا کیس کر رکھا تھا اور دارالامان وہاڑی میں مقیم تھی۔

(جاری ہے)

ملزم طارق نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ میلسی عدالت پیشی کے موقع پر بیوی کو قتل کرنے کی نیت سے فائرنگ کی جسے پولیس جوانوں نے ناکام بنا دیا۔ حنا پرویز بٹ نے اس واقعے کی شدید مذمت کی اور کہا کہ وزیراعلی پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق خواتین پر تشدد یا ان کے خلاف کسی بھی قسم کی جارحیت ناقابل برداشت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی متاثرہ خواتین کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کو انصاف کی فراہمی اور تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے گا۔

اس موقع پر ڈی پی او وہاڑی محمد افضل کا کہنا تھا کہ چیف منسٹر پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق خواتین ہماری ریڈ لائن ہیں اور ان سے متعلق جرائم پر زیرو ٹالرنس پالیسی ہے خواتین کو کسی بھی قسم کا مسئلہ ہو تو وہ 15 یا ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن کے ذریعے اطلاع دے سکتی ہیں جس پر فوری طور پر رسپانس دیا جائے گا۔