Live Updates

پی ایس ایل، پی سی بی نے بھارتی عملے کو واپس بھیج دیا

ہفتہ 26 اپریل 2025 20:55

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2025ء)پہلگام واقعے پر بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے حکومت پاکستان کے حکم پر پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 23 بھارتی براڈ کاسٹرز کو واپس بھارت بھیج دیا۔پی سی بی ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان سپر لیگ کی براڈ کاسٹ کمپنی میں شامل بھارتی عملے کو واپس بھیج دیاگیا۔

(جاری ہے)

بیان میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارتی براڈ کاسٹرز کو واہگہ بارڈر کے راستے بھارت بھیجا گیا جب کہ پی سی بی نے متبادل براڈ کاسٹرز کے انتظام کرلیا ہے۔یاد رہے کہ 23 رکنی بھارتی عملہ ایک تکنیکی ٹیم کا حصہ تھا جسے ایک براڈکاسٹ کمپنی نے پاکستان سپر لیگ کے دسویں ایڈیشن کی کوریج کے لیے کنٹریکٹ پر رکھا تھا۔ترجمان پی سی بی کے مطابق پی ایس ایل 10 کے تمام میچز شیڈول کے تحت براڈ کاسٹ ہوں گے جب کہ بھارتی عملے کے جانے سے میچز کے انعقاد اور براڈ کاسٹنگ میں کوئی خلل نہیں آئے گا۔دوسری جانب، پنجاب پولیس کی جانب سے بھی تصدیق کی گئی ہے کہ براڈ کاسٹ کمپنی کے 23 بھارتی شہریوں کو واہگہ بارڈر کے راستے بھارت روانہ کر دیا گیا ہے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات