Live Updates

انٹرنیشنل لائرز ایسوسی ایشن کی جانب سے سالانہ لیگل کانفرنس کا انعقاد

اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل ،قانونی خدمات کی فراہمی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا

اتوار 27 اپریل 2025 11:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اپریل2025ء)لا ء سوسائٹی انگلینڈ اینڈ ویلز کی 200سالہ تقریب کی مناسبت سے انٹرنیشنل لائرز ایسوسی ایشن نے یوکے میں سالانہ لیگل کانفرنس کا انعقاد کیا جس میں اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل اورانہیں قانونی خدمات کی فراہمی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا ۔ عالمی سطح کی قانونی کانفرنس یوکے چیپٹر کی جانب سے فزیکل اور پاکستان چیپٹر کی جانب سے ورچوئل انداز میں منظم کی گئی جس میں دنیا بھر سے وکلا، بیرسٹرز، قانونی ماہرین اور پروفیشنلز نے بھرپور شرکت کی۔

کانفرنس کا مرکزی موضوع اوورسیز پاکستانیوں کو درپیش قانونی و مالیاتی مسائل، بالخصوص ٹیکسیشن، ترسیلات زر ، جائیداد کے تحفظ اور قانونی معاونت کے موثر حل پر مرکوز رہا۔

(جاری ہے)

کانفرنس میں انٹرنیشنل لائرز ایسوسی ایشن کے صدر بیرسٹر صفدر اقبال،سابق صدور آئی ایل اے بیرسٹر محسن ملک ٹوگا،بیرسٹر سجاد کیانی،سیکرٹری جنرل سید آفاق حسن،عبدالستار رانا،شعیب شاہین ،گل نواز خان،پاکستان چیپٹر کے صدر پیر مسعود چشتی،سینئر نائب صدر قاری حبیب الرحمن زبیری،سیکرٹری جنرل قاری زوہیب الرحمن زبیری،ذوالفقار حید مانکی ، پنجاب چیپٹر کے صدر عاشق علی رانا ،جنرل سیکرٹری اسحاق بریار، سینئر نائب صدر ملک جلیل اعوان، چیئر پرسن ویمن ونگ آئی ایل اے زرین علی سمیت برطانیہ، یورپ، مڈل ایسٹ، امریکہ اور پاکستان سے متعدد نامور قانونی شخصیات نے شرکت کی جنہوں نے نہ صرف موجودہ چیلنجز کی نشاندہی کی بلکہ ان کے عملی حل تجویز کیے۔

مقررین نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اس لیے ان کے مسائل کا ترجیحی بنیادوں پر حل ناگزیر ہے۔ کانفرنس میں یوکے اور پاکستان چیپٹرز کی کوارڈی نیشن کو سراہا گیا۔ کانفرنس کے اختتام پر مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا جس میں اوورسیز کمیونٹی کے حقوق کے تحفظ اور ان کی قانونی معاونت کے لیے مربوط لائحہ عمل اپنانے پر زور دیا گیا۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات