Live Updates

کشمیر اس وقت دنیا کی سب سے بڑی اوپن ایئر جیل بن چکا ہے،طاہر کھوکھر

بھارت میں مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں کیخلاف مسلسل سازشیں کی جا رہی ہیں اور مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی ریاستی دہشت گردی اب دنیا سے چھپی نہیں رہی

اتوار 27 اپریل 2025 13:20

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اپریل2025ء)پاسبان وطن پاکستان کے مرکزی صدر طاہر کھوکھر نے کہا ہے کہ کشمیر اس وقت دنیا کی سب سے بڑی اوپن ایئر جیل بن چکا ہے بھارت میں ظلم کی سیاہ رات اب اپنے انجام کے قریب ہے اور کشمیریوں کی قربانیاں جلد رنگ لانے والی ہیں انہوں نے کہا کہ بھارت میں مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں کے خلاف مسلسل سازشیں کی جا رہی ہیں اور مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی ریاستی دہشت گردی اب دنیا سے چھپی نہیں رہی۔

میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے طاہر کھوکھر نے کہا کہ بھارت میں ہندو انتہاپسندی کو ریاستی سرپرستی حاصل ہے وقف بورڈ بل جیسے اقدامات کے ذریعے مسلمانوں کی زمینیں چھینی جا رہی ہیں اور ہندو آبادی کو منظم انداز میں کشمیر میں بسانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں تاکہ خطے کی مسلم اکثریتی شناخت کو ختم کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت نے نہتے کشمیریوں پر ظلم کے پہاڑ توڑ رکھے ہیں ہزاروں کشمیری نوجوانوں کو بے جرم و خطا جیلوں میں قید کیا گیا ہے اور آئے روز فیک مقابلوں اور محاصروں کے ذریعے کشمیری عوام کو دہشت زدہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

طاہر کھوکھر نے حالیہ دنوں پہلگام میں درجنوں بے گناہ کشمیریوں کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فوج کشمیری نوجوانوں کو جبری طور پر لاپتا کر رہی ہے اور جھوٹے مقدمات کے ذریعے انہیں برسوں قید میں رکھا جا رہا ہے بھارت کا یہ ظلم کشمیریوں کے حوصلے پست نہیں کر سکا بلکہ ہر نئی قربانی کے ساتھ تحریک آزادی میں تیزی آ رہی ہے۔

انہوں نے عالمی اداروں کی مجرمانہ خاموشی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ اور او آئی سی جیسے ادارے اپنی ذمہ داریاں نبھانے میں ناکام ہو چکے ہیں۔ یورپ میں جانوروں کے حقوق کے لیے تو آواز اٹھائی جاتی ہے مگر مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزیاں نظر انداز کی جا رہی ہیں کشمیر اس وقت دنیا کی سب سے بڑی اوپن ایئر جیل بن چکا ہے۔

طاہر کھوکھر نے کہاکہ حالیہ دنوں بھارتی خفیہ ایجنسیوں اور مودی حکومت نے ایک بار پھر فالس فلیگ آپریشن کا سہارا لیاجس کے تحت معصوم سیاحوں کو نشانہ بنایا گیا تاکہ عالمی برادری کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے ظلم و ستم سے ہٹائی جا سکے یہ فالس فلیگ آپریشن بے نقاب ہو چکا ہے اور بھارت کی مکاری دنیا پر آشکار ہو رہی ہے۔ بھارتی فوج کی جانب سے سرچ آپریشنز کے نام پر کشمیری نوجوانوں کو ہراساں، گرفتار اور قتل کیا جا رہا ہے۔

سوشل میڈیا پر بھی سخت سنسرشپ نافذ کر دی گئی ہے تاکہ بھارتی بربریت کی خبریں باہر نہ آ سکیںدوسری جانب، بھارت کے اندر بھی کسان تحریک اور اقلیتوں کے خلاف پے درپے اقدامات کیئے جا رہے ہیں۔ طاہر کھوکھر نے کہا کہ کشمیری قوم کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی کشمیر کا بچہ بچہ آزادی کی راہ پر گامزن ہے بھارت جتنا بھی ظلم کر لے کشمیریوں کی آواز کو دبا نہیں سکتا وہ دن دور نہیں جب کشمیر آزاد ہو گا اور مظلوم کشمیری اپنے حق خودارادیت کا خواب شرمندہ تعبیر کریں گے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات