پاکستان بھارت کے بدنیتی پر مبنی بیانیے کے خلاف متحد ہے ،وزیر مملکت برائے مذہبی امور کھیئل داس کوہستانی

اتوار 27 اپریل 2025 15:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اپریل2025ء) وزیر مملکت برائے مذہبی امور کھیئل داس کوہستانی نے کہا ہے کہ پاکستان بھارت کے جھوٹے بیانیے کا مقابلہ کرنے اور اپنی خودمختاری کے ہر قیمت پر تحفظ کے لیے پر عزم اور متحد ہے۔ اتوار کو پی ٹی وی نیوز چینل کے انٹرویو میں وزیر مملکت نےکہا کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور وقار کے تحفظ کے لیے تمام تر ضروری اقدامات کرے گا اور بھارت کے جھوٹے پروپیگنڈے اور دشمنی پر مبنی اقدامات سے خوفزدہ نہیں ہوگا۔

کھیئل داس کوہستانی نے بھارت کے جھوٹے بیانیے کو کامیابی کے ساتھ بے نقاب کرنے کا سہرا وزیر اعظم شہباز شریف کو دیا۔ انہوں نے روشنی ڈالی کہ پاکستان عالمی سطح پر دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک ہے اور عالمی برادری دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قوم کی بے پناہ قربانیوں کا اعتراف کرتی ہے۔

(جاری ہے)

وزیر مملکت نے یہ بھی الزام لگایا کہ بھارت پاکستان کے خلاف دہشت گردی کا ارتکاب کر رہا ہے اور جعفر ایکسپریس پر حالیہ حملہ بھارت کی ریاستی سرپرستی میں ہونے والی جارحیت کی واضح مثال ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے بھارت کو پہلے ہی بتا دیا تھا کہ سندھ طاس معاہدے میں کوئی بھی تبدیلی ممکن نہیں ہے، جس سے بھارت نے پہلگام کا ڈرامہ رچایا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر بھارت نے پاکستان کی طرف پانی کے بہاؤ میں خلل ڈالا تو اس کے جنوبی ایشیا کے لیے تباہ کن نتائج ہوں گے، پاکستان پرعزم ہے، غیر متزلزل عزم اور طاقت سے کسی بھی خطرے کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے۔ وزیر مملکت مذہبی امور نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے لیکن امن کی ہماری خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔